کراچی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ تعمیراتی شعبے سے وابستہ بلدڑز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ان کی دہلیز تک فراہم ہوسکے
تاکہ اس کے ثمرات عام لوگوں کو بھی مل سکیں۔ حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، واسا اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد کے حوالے سے بلڈرز کو درپیش ہر قسم کے مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جائے گا۔
موجودہ سندھ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو سستی اور بہترین رہائشی سہولیات میسر آسکیں اور اس کے لئے آباد کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز آباد کے چیئرمین حسن بخشی کی قیادت میں سندھ کے مختلف اضلاع سے آباد کے عہدیداروں کے وفد کی ان کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر چیئرمین آباد حسن بخشی کی قیادت میں وفد میں وائس چیئرمین طارق عزیر، سب ریجن کے چیئرمین عبداللہ جان، سابق سب ریجن چیئرمینز ذوالفقار اور کاشف کے علاوہ کمیٹی ممبران بھی شامل تھے۔
وفد نے صوبائی وزیر سعید غنی کو حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں واسا، ایچ ڈی اے اور ایس بی سی اے کے حوالے سے انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر حسن بخشی نے کہا کہ سب ریجن سے آباد سے تعلق رکھنے والے ممبران چاہتے ہیں کہ کراچی کی طرح ایس بی سی اے میں بھی ایک ممبر آباد کی گورننگ باڈی میں شامل کیا جائے
تاکہ آباد اور بلڈرز کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ موجودہ سندھ حکومت کے وژن کے مطابق عوام کو اچھی اور سستی رہائشی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور اس کے لئے جہاں سندھ حکومت اپنا کردار ادا کررہی ہے وہاں تعمیراتی صنعت سے وابستہ بلڈرز چاہے ان کا تعلق آباد سے ہو یا نہ ہو ان کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آباد کے سندھ کے ریجن کے جو جو مسائل واسا، ایچ ڈی اے اور ایس بی سی اے سے متعلق ہیں ان کے تدارک کے لئے جلد ہی حیدرآباد یا پھر کراچی میں ان تمام محکموں کے سربراہان کا اجلاس طلب کرکے اس کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔
سعید غنی نے کہا کہ آباد اس صوبے کی تعمیراتی شعبے میں ایک اہم حیثیت کا حامل ادارہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ ادارہ اس صوبے میں تعمیراتی شعبے میں وہ اقدامات کرے، جس سے غیر قانونی تعمیرات کی حوصلہ شکنی ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہمیشہ سے رہی ہے کہ تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولیات ون ونڈو کے تحت یقینی ہوسکے تاہم اس میں جہاں جہاں آباد یا تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کی کوتاہیاں ہوں ان کا بھی ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔
انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات اس شعبہ کی ترقی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گا اور اس شعبہ سے وابستہ افراد بھی اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے عوام کو آسان، سستی اور اچھی رہائش کی فراہمی کے لئے اپنے وسائل کو بروئے کار لائے۔