سندھ حکومت نے صنعتی مزدوروں کے لئے قرعہ اندازی کے ذریعے الیکٹرک بائیکس اور سلائی مشینیں دینے کی بھی منظوری دے دی
ورکرز ویلفیئر بورڈ کی اساتذہ اور مزدوروں کے لئے انقلابی اقدامات کی منظوری
مزدوروں کی فلاح اور اساتذہ کے مسائل حل کرنا ہمارا مشن ہے, شاہد تھہیم
کراچی صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت شاہد تھہیم کی زیر صدارت ورکرز ویلفیئر بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری محنت رفیق قریشی، پارلیمانی سیکریٹری فاروق اعوان، ڈی جی لیبر شہلا کاشف اور صدر لیبر بیورو سندھ حبیب الدین جنیدی نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر محنت کی ہدایات پر اساتذہ کو ٹائم اسکیل کے بقایاجات جلد جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
صنعتی مزدوروں کے لئے ڈرگ ایڈکشن سے بچاؤ کے لئے ریہیبلیٹیشن سینٹر بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔
لیکچررز اور ایڈمنسٹریٹرز کے ٹائم اسکیل یا ترقی کے حوالے سے معاملات کو ایچ آر کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق کے ذریعے ان کی ترقی یا ٹائم اسکیل پر غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صنعتی مزدوروں کے لئے قرعہ اندازی کے ذریعے الیکٹرک بائیکس اور سلائی مشینیں دینے کی منظوری بھی دی گئی۔اس موقع پر وزیر محنت شاہد تھہیم نے کہاہے کہ اساتذہ اور
مزدوروں کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں اور ان کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ اساتذہ کو ان کے بقایاجات جلد از جلد ادا کیے جائیں گے اور مزدوروں کے لئے فلاحی منصوبے کوعملی جامہ پہنائیں گے۔