
صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات اور قانون سازی کر رہے ہیں، شاہد تھہیم
وزیر محنت سندھ کا شکاگو کے مزدوروں کو سلام، مزدوروں کے لیے انقلابی مشن جاری
کراچی یوم مزدور کے موقع پر وزیر محنت سندھ شاہد تھہیم نے اپنے خصوصی پیغام میں مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت مزدوروں کی فلاح، تحفظ اور باوقار زندگی کے لیے سنجیدہ، عملی اور انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔مزدور طبقہ معاشی نظام کا بنیادی ستون اور ملکی ترقی کی بنیاد ہے۔آج ہی کے دن 1886ء کو شکاگو کے محنت کشوں نے آٹھ گھنٹے کام کے حق کے لیے تاریخی قربانیاں دیں جنہیں رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔آج سندھ میں لیبر پالیسیوں کا محور محنت کش طبقہ ہے۔صوبے میں کم از کم اجرت 37,000 روپے مقرر کی جا چکی ہے۔سوشل سیکیورٹی میں لاکھوں مزدوروں کو رجسٹر کیا گیا ہے۔ہیلتھ کارڈ، لیبر کالونیاں، وظائف، تعلیم اور طبی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت اسکولز اورسیسی کے ماتحت اسپتال مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ لیبر کورٹس کی فعالیت کے ذریعے مزدوروں کو انصاف فراہم کیا جا رہا ہے۔وزیر محنت کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے مسائل حل کرنا صرف حکومت کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے،۔ہم نے ہر سطح پر مزدور دوست اقدامات کیے ہیں اور ان کا دائرہ کار مزید وسیع کر رہے ہیں۔ سندھ وہ پہلا صوبہ ہے جہاں لیبر پالیسی کے تمام نکات پر عملی پیش رفت ہوئی۔ ہم مزدوروں کو بااختیار بنا رہے ہیں تاکہ وہ بہتر زندگی گزار سکیں۔ سندھ حکومت مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ہم مزدوروں کے لیے صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات اور قانون سازی کر رہے ہیں