کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پارلیمانی سیکریٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی کی قیادت میں وفد نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ٹرانسپورٹرز اور گڈز ایسوسی ایشن کو درپیش مختلف مسائل، شاہراہوں کی صورتحال اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے تمام مسائل کے مستقل حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرامن شاہراہیں بلوچستان کی معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کی بحالی کے لیے انتہائی ضروری ہیں اور حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
