مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن حملے کے بعد آپریشن "شعبان” جاری، 39 دہشت گرد ہلاک
مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن حملے کے بعد آپریشن "شعبان” جاری، 39 دہشت گرد ہلاک
مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر حملے کے بعد پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور بلوچستان پولیس کا مشترکہ آپریشن "شعبان” بدستور جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز 6 اور 7 جولائی کو فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 دہشت گردوں کو ہلاک کر چکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان کے تحت دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کا گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے، جبکہ زمینی اور فضائی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 خارجی دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جس کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 39 ہو گئی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن شعبان کے علاوہ خضدار کے زہری میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ بھی ناکام بنا دیا گیا۔ پاک فوج اور ایف سی کی برق رفتار کارروائی میں 8 دہشت گردوں کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر آپریشنز میں مزید 5 سے 6 دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں
