مئی 14, 2025

کراچی

محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ، حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹ کے نظام کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 25 مارچ 2025 سے صوبہ سندھ میں آن لائن فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا اور درخواستوں کی سہولت کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کراچی کے دو نئے فٹنس سینٹر، ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل (ضلع ملیر) اور ابراہیم حیدری (کورنگی) میں کمرشل گاڑیوں کی فزیکل جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا، جدید آلات سے آراستہ ان مراکز پر ماہر تکنیکی ٹیمیں گاڑیوں کا معائنہ کرتی ہیں جس کے بعد موٹر وہیکل انسپکٹرز (MVIs) فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحاتی عمل محکمہ ٹرانسپورٹ کے مختلف اداروں بشمول پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، اور ضلعی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کی خود کاری کا حصہ ہے، روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کا نظام، ادائیگیوں اور ریونیو ریکارڈ کی خود کاری، پیپر فری دفتری ماحول، آمدنی میں اضافے اور جعلی دستاویزات کے خاتمے جیسے اہم اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دونوں مراکز پر کل 63 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 30 کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے جبکہ 33 گاڑیوں کو نااہل قرار دےکر سی ایف ایکس سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، دوسرے مرحلے میں یہ مراکز کراچی سمیت دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ پورے سندھ میں اس سہولت کو عام کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم سے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس کا اجرا شفاف اور قابلِ اعتبار ہو چکا ہے، جدید سکیورٹی فیچرز کے ذریعے اب کسی بھی گاڑی کی تصدیق موقع پر ممکن ہو گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے