
کراچی سائٹ سپرہائی وے احسن آباد کی گتا فیکٹری میں جمعہ کی دوپہر لگنے والی آگ مکمل طور پر ٹھنڈی نہ پڑی۔ مخدوش عمارت کا پلستر گرنے سے فائر فائٹر زخمی۔ کولنگ کا عمل اتوار کی دوپہر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
ٖفائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کے ایم سی کے پانچ فائر ٹینڈر متاثرہ فیکٹری پر موجود ہیں۔ دوسرے روز بھی کولنگ کا عمل جاری ہے۔ متاثرہ عمارت سے جلنے والے گتے کے رول نکالے جا رہے ہیں ۔ آگ کی تپش کے باعث عمارت کا پلستر وقفے وقفے سے گررہا ہے ، جس کی زد میں آکر ایک فائر فائٹر زخمی ہوگیا۔فائر فائٹرز احتیاط کے ساتھ کولنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں،، جو کل دوپہر تک مکمل ہوجانے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز ریسکیو آپریشن کے دوران ریسکیوڈبل ون ڈبل ٹو کا ایک رضاکارجاں بحق ہو گیا۔ خوفناک آگ نے ڈھائی ہزارگز کے رقبے پر محیط عمارت کے پلرز ٹیڑھے کردئیے۔ عمارت کو مخدوش قرار دے دیا گیا ہے ۔