نومبر 5, 2024

اقوام متحدہ کے وفد کی چیف سیکریٹری سندھ سے ملاقات، مکلی ہیریٹیج سائٹ، لیونگ انڈس پروجیکٹ اور ماحولیاتی و انسانی چیلنجز پر تبادلہ خیال

کراچی،

اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اقوام متحدہ کے پاکستان میں رہائشی اور انسانی امور کے کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات مکلی ہیریٹیج سائٹ، لیونگ انڈس پروجیکٹ اور ماحولیاتی و انسانی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے ا نسانی امور (UNOCHA)، اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (UNICEF)، اقوام متحدہ کے رہائشی کوآرڈینیٹر آفس (UNRCO)، اور اقوام متحدہ کے محکمہ برائے تحفظ و سلامتی (UNDSS) کے سینئر نمائندے شامل تھے۔

ملاقات میں چیف سیکریٹری سندھ نے اقوام متحدہ کی 2022 کے سیلاب کے بعد کی بحالی کی کوششوں میں اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے سندھ پر اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بار بار آنے والے سیلاب، بارشیں، سمندر کا آگے بڑہنا، اور بڑھتی ہوئی آلودگی نے صوبے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث نقل مکانی اور طویل مدتی ماحولیاتی مسائل کو جنم دیا ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے وفد کو حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان کے بارے میں آگاہ کیا، اور کہا کہ ڈویژنل کمشنرز کو انفراسٹرکچر اور فصلوں پر اثرات کا جائزہ لینے کا کہا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے وفد نے سندھ کو ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ محمد یحییٰ نے تجویز پیش کی کہ سندھ میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جائے، جس میں اہم ڈونر اور پارٹنر شریک ہوں گے تاکہ پائیدار حل تلاش کیے جا سکیں اور ایسے قابل عمل منصوبے تیار کیے جائیں جو کم لاگت اور مؤثر ہوں اور صوبے کے ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے میں مدد کریں۔

ملاقات کے دوران توانائی کے بحران پر بھی بات ہوئی اور وفد نے سندھ کو تکنیکی مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی تاکہ صوبے کی توانائی پالیسیوں کو قابل تجدید اور پائیدار توانائی کے اہداف سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے حکومت اور اقوام متحدہ کے مشترکہ منصوبے "لیونگ انڈس انیشی ایٹو” کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے لیے ایک مثبت تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے تحت 25 انٹروینشن کے ذریعے قابل عمل منصوبوں کی تیاری پر زور دیا اور کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام سطحوں پر حکومت اور عالمی اداروں کے تعاون کی ضروری ہے۔

چیف سیکریٹری نے اقوام متحدہ کے وفد سے کہا کہ وہ مکلی قبرستان، جو کہ یونیسکو کی عالمی ورثہ سائٹ ہے، کے تحفظ اور بحالی کے لیے مدد فراہم کریں۔ انہوں نے اس تاریخی ورثے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی مدد کی اشد ضرورت ہے تاکہ اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔ مزید برآں، وفد نے مکلی قبرستان کا دورہ کرنے اور اس سائٹ کے تحفظ میں صوبائی کوششوں کی حمایت کا ارادہ ظاہر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے