جولائی 10, 2026


آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ، کراچی کے شہریوں کے لیے روٹی کا حصول مزید مشکل ہوگیا۔ کمشنر کراچی نے آٹے کے نئے سرکاری نرخ جاری کردیے، جس کے مطابق مختلف اقسام کے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے گھریلو بجٹ متاثر ہوگا۔
کراچی کے شہریوں کے لیے مہنگائی کا ایک اور جھٹکا، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈھائی نمبر آٹے کے ہول سیل سرکاری نرخ 122 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ ریٹیل قیمت 125 روپے فی کلو ہوگی۔
فائن آٹے کے نئے سرکاری نرخ بھی جاری کردیے گئے ہیں، ہول سیل میں فائن آٹا 132 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل میں 135 روپے فی کلو فروخت کیا جائے گا۔چکی آٹے کی قیمت 145 روپے فی کلو برقرار رکھی گئی ہے۔
آٹے کی نئی قیمتوں کے اجرا کے بعد شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے مشکلات بڑھا رکھی ہیں، بنیادی ضرورت کی اس اہم چیز کی قیمت میں مزید اضافہ گھریلو بجٹ پر اثر انداز ہوگا۔
نئے نرخوں کا جائزہ لیا جائے تو 58 روز قبل ڈھائی نمبر آٹے کے ہول سیل سرکاری نرخ 110 روپے فی کلو مقرر تھے، جو اب بڑھ کر 122 روپے فی کلو ہوگئے ہیں، یعنی قیمت میں 12 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح ڈھائی نمبر آٹے کی ریٹیل قیمت 113 روپے فی کلو سے بڑھا کر 125 روپے فی کلو کردی گئی ہے، جس میں 12 روپے کا اضافہ ہوا۔
فائن آٹے کے ہول سیل نرخ 118 روپے فی کلو سے بڑھ کر 132 روپے ہوگئے، جبکہ ریٹیل قیمت 121 روپے سے بڑھا کر 135 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ فائن آٹےکی قیمت میں مجموعی طورپر14روپےفی کلوکااضافہ ہواہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے