کراچی: کورنگی کراسنگ کے علاقے میں پڑوسی نے دیرینہ دشمنی اور ہراسانی کے بعد خاتون پر تیزاب پھینک دیا، جس کے بعد وہ شدید جھلس کر برنس وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔ دوسری جانب، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
متاثرہ خاتون، کرن خان نے ہسپتال کے برنس وارڈ سے اپنے بیان میں بتایا کہ ان کا پڑوسی، جس کا نام علی ہے، انہیں کافی عرصے سے ہراساں کر رہا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پڑوسی کی پانی کی ٹنکی بھرنے سے ان کے گھر میں پانی ٹپکتا تھا، جس کی متعدد بار شکایت کی گئی لیکن مسئلہ حل نہ ہوا۔
خاتون کے مطابق، انہوں نے ملزم کے خلاف پہلے بھی ایک ایف آئی آر درج کرا رکھی تھی، تاہم کوئی کارروائی نہ ہوئی۔ ۲۱ جون کو جب وہ اپنے گھر سے باہر نکلیں، تو گھات لگائے ملزم علی نے ان پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔ کرن خان نے الزام عائد کیا کہ اس واردات میں ملزم کی اہلیہ بھی برابر کی شریک ہے، جبکہ کراچی پولیس واقعے کا مقدمہ درج کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا ایکشن:
واقعے کی میڈیا رپورٹس سامنے آنے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم خاتون کو انصاف فراہم کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پہلی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو خاتون کو بہترین طبی امداد اور مکمل تحفظ فراہم کرنے کی بھی سخت ہدایت کی اور کہا کہ تیزاب گردی جیسے وحشیانہ فعل میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے
