کراچی میں لیاری کمہار واڑہ میں چھ منزلہ عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں۔ مقیم افراد نے عمارت کو خالی کردیا۔ برابر میں تعمیر کے لئے کھدائی کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتہ گلشن معمار کے قریب مشرقی سوسائٹی میں چار منزلہ عمارت ایک جانب جھگ گئی تھی۔
کمہار واڑہ روڈ، غریب شاہ کے مقام پر عمارت میں دراڑیں پڑنے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ بلڈنگ پر رہائش پذیر افراد نے عمارت کو خالی کردیا۔ مکینوں کا کہنا ہے رہائشی عمارت کے ساتھ ہی دوسرے بلڈر نے عمارت تعمیر کرنے کےلئے کھدائی کی، جس کی وجہ سے متاثرہ عمارت کی بنیادوں کو نقصان پہنچا ۔ رہائشی عمارت کی دراڑوں سے ملبہ گررہا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہےکسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی تکنیکی کمیٹی نے عمارت کو خطرناک قرار دے دیا۔ متاثرہ عمارت کے برابر تعمیر کے لئے زمین کی کھدائی کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف ایس بی سی اے کی جانب سے مقدمہ دائر کیا جائے گا۔عمارت سے متصل سڑکوں کو بند کردیا گیا ۔ گزشتہ منگل کو گلشن معمار کے قریب مشرقی سوسائٹی میں چار منزلہ عمارت ایک جانب جھک گئی تھی۔متاثرہ عمارت کا ایک فلور زیر زمین چلا گیا جبکہ بالائی منزل کی دیواریں سامنے والے مکان پر جاگری تھیں۔