
مسقط میں اسلامی ممالک کے وزرائے تعلیم کی منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے کہا ہے کہ تاریخ کے اس اہم ترین اور فیصلہ کُن موڑ پر برادر اسلامی ممالک کو فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت سے متاثر تعلیم نظام ، انفراسٹرکچر اور طالبعلموں کی مدد کرناچاہیے۔۔۔
عمان کے دارالحکومت مسقط میں اسلامی ممالک کے وزرائے تعلیم کی منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نےکہاکہ ہمیں مشکل کی اس گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہئے ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وزرات تعلیم کی جانب سے ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے باعث جو طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھنے سے قاصر ہیں انہیں پاکستان کی جامعات میں ان کی تعلیم جاری رکھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔۔۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان میں فلسطینی طلبہ کیلئے تعلیمی اسکالرشپ میں اضافے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس حوالے سے اپنے تمام تر وسائل بروئے کارلارہا ہے۔۔۔ انہوں نے کانفرنس میں دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے تعلیم سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس کڑے وقت میں اپنے فلسطینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرنا چاہیے۔۔۔