
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے سندھ حکومت نے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے صوبہ میں امن قائم کیا۔ اب کراچی سمیت صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ کچے میں ڈاکووں سے نمٹنے کےلئے پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس دوہزار پچیس کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا انیس سو نوے کی دہائی میں انتہاپسندی، دہشت گردی نے معاشرے میں بے چینی پیدا کردی تھی۔حکومت سندھ نے ایک مربوط منصوبہ بندی کے تحت آپریشن کر کے امن و امان بحال کیا۔کراچی جو ماضی میں دنیا کا چھٹا خطرناک شہر تھا، آج پرامن اور ترقی کرتا ہوا شہر ہے۔سندھ سیف سٹی منصوبہ شروع کیا ہے۔ صوبہ کے چالیس ٹول پلازہ پر چہرے اور نمبر پلیٹس کی خودکار شناخت کرنے والاایس فور منصوبہ شروع کیا ہے۔انویسٹی گیشن کے بجٹ میں اضافہ اور تھانوں کو چار ارب اسی کروڑ کا براہ راست بجٹ دیا گیا ہے۔وزیراعلی سندھ نے وفد کو بتایا کچے میں پولیس کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کررہے ہیں۔ پولیس کو ڈرون، اے پی سی گاڑیاں اور جدید گنز دے رہے ہیں۔کچے میں نقل و حمل بہتر بنانے کے لئے سڑکیں اور پل تعمیر کئے جارہے ہیں۔ حالیہ بجٹ میں نو سو انسٹھ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ کراچی میں ریڈ و یلو لائن اور ٹرانسپورٹ کے دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے۔