کراچی
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کےوسیع مواقع موجودہیں،پاکستان قدرتی مائنزاورمنرلز سے مالامال ہے، حکومت نےغیرملکیوں کےلیےویزاپالیسی نرم کی گئی ہے، وفاقی اور سندھ حکومت کی ترجیح ہے کہ ہر شعبے میں سرمایہ کاری ہو، غیرملکی سرمایہ کاروں کوکاروبار،رہائش کیلیےسہولیات دیناہوں گی تاکہ ان کے اعتماد میں اضافہ ہو تاکہ نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، حکومت سندھ کی جانب سے بھی تھرپارکر کے کوئلے کے لئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو دعوت دی گئی ہے، چین سمیت کئی ممالک کےوفودنےپاکستان کےدورےکیے ہیں، پاکستان میں مثبت تبدیلیاں لےکرآنی ہیں، اپنےرویوں اورطرزحکمرانی میں بھی تبدیلی لانی ہے۔
ایکسپو سینٹر کراچی میں اٹھارہویں بلڈ ایشیا نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہم چاہتےہیں حکومت تاجربرادری کو سہولیات فراہم کرے، جدیدٹیکنالوجی سےتاجروں کوسہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں،تاجروں کوقابل اعتمادماحول فراہم کرناہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو سپورٹ کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے، ایسا ماحول بنانا پڑے گا کہ بیرون ملک سے بھی سرمایہ کاری آئے، ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولیات دی جارہی ہیں، تاجربرادری کو سہولیات دینگے تو ان کااعتماد بڑھے گا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع موجود ہیں، پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت تاجربرادری کو ویلکم کرتی ہے، وفاقی اور سندھ حکومت کی ترجیح ہے کہ ہر شعبے میں سرمایہ کاری ہو، حکومت کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ویزاپالیسی کو آسان کر دیا گیا ہے، ہمیں ان سرمایہ کاروں کے لئے مزید آسانیاں پید اکرنی ہونگی، ملک میں معاشی استحکام میں ایس آئی ایف سی کااہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع ہیں، ہم اپنی چیزوں کو بہتر طریقے سے بین الاقوامی مارکیٹ تک لے کر جا سکتے ہیں، سندھ حکومت بڑا سرپرائز لارہی ہے،اعلان جلد ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں رہنے والے ہر آدمی کو ہم سندھی سمجھتے ہیں، اردو بولنے والے بھائیوں کو بھی ہم سندھی سمجھتے ہیں، ہم خود کہتے ہیں کہ وہ ہمارے اردو بولنے والے سندھی ہیں۔
ایک اور سوا ل کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت سندھ کی یہ ترجیح ہے کہ سرمایہ کاروں کو اعتماد بڑھایا جائے، یوٹونگ کی جانب سے سندھ میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی یقین دہانی کروائی ہے، جب پلانٹ لگے گا تو یہاں کے لوگوں کو روزگار ملے گا، سرمایہ کاری کوفروغ دینے کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون قائم کیا گیا، یہ پاکستان کا جدید ترین اسپیشل اکنامک زون ہے اور یہ واحد اکنامک زون ہے جو سی پیک کا حصہ ہے، یہ سی پیک کے خالق صدر آصف علی زرداری کا ویژن ہے اور اس ویژن کے تحت پاکستان کا پہلا اسپیشل اکنامک زون قائم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ایک بہت بڑا میگا پروجیکٹ لے کر آرہی ہے، یہ پاکستان کا جدید ترین منصوبہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ شروع کرنے جارہی ہے، یہ ایک بہت بڑا سرپرائز ہوگا، کاروباری افراد کے لئے بھی اس میں بہت بڑی خوشخبری ہوگی، اس پروجیکٹ کے بعد پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہو جائے گا۔
ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ سے سرمائے کو باہر منتقل کرنے کے لئے یہاں فسادات کروائے گئے، دہشتگردو سمیت دیگر بڑے جرائم پر حکومت سندھ نے قابو پالیا ہے، ہم یہ چاہتے ہیں کہ ایسا ماحول ہو کہ جو کاروباری ادارے باہر چلے گئے تھے وہ واپس آئیں، پنجاب ہو یا کے پی ہمیں پورے پاکستان میں کہیں بھی سرمایہ کاری پر اعتراض نہیں لیکن ہر کاروباری شخص یہ سمجھتا ہے کہ آج بھی پاکستان بھر میں فیکٹری لگانے کی سب سے موزون جگہ کراچی، دھابیجی یا نوری آباد ہے، کسی بھی چیز کو ایسکپورٹ کرنے کے لئے پورٹ کراچی میں ہے۔ ایک سازش کے تحت کراچی سے کاروبار کو باہر منتقل کروایا گیا، ہماری کوششوں سے دنیا بھر سے سرمایہ کار اور کاروباری لوگ کراچی آئیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کل اچھے ماحول میں حکومت کے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات ہوئے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی روز اول سے یہی کہہ رہی ہے کہ دنیا میں ہر قسم کے تضاد کا حل ڈائیلاگ ہے، پی ٹی آئی پہلے نخرے کرتی رہی کہ اس سے نہیں اُس سے بات کریں گے، پی ٹی آئی اب لائن پر آگئی ہے، پی ٹی آئی والے دیر آئے پر درست آئے۔ 9 مئی جیسے واقعات میں بھی ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی نو مئی جیسے واقعات میں شریک جرم رہے ہیں، وہ اپنے اس گناہ کا خمیازہ بھگتیں، فوجی عدالتوں پر بین الاقوامی اعتراضات آئے ہیں لیکن یہ پاکستان کا داخلی معاملہ ہے، پاکستان کے اندرونی معاملےمیں کسی کو دخل اندازی کی ضرورت نہیں۔ بنیادی سہولیات کی فراہمی پیپلز پارٹی کا ویژن ہے، تھر کے کوئلے پر حکومت سندھ نے ایک ارب ڈالر سے زیادہ خرچ کیا، آج تھرکول سے بجلی نیشنل گرڈ میں جارہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بجلی سب کے لئے سستی ہو اور لوگوں کے کاروبار کو فروغ ملے۔ ہر شعبے میں حکومت سندھ اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کچھ لوگ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھے ہیں کو کچھ عارف علوی جیسے لوگ سیاسی شوشے چھوڑتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ مذاکرات نہ ہوں، ان کا لیڈر جیل میں رہے اور ان کی دکانداری چلتی رہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک بہت بڑا چیلنج ہے، لائسنس جاری کرنے والوں سے گزارش کرتا ہوں کہ لائسنسز کے اجراع سے پہلے ان کا اچھے طریقے سے ٹیسٹ لیں ۔
میڈیا سے گفتگو کے بعد ایکسپو سینٹر میں پینل ڈسکشن میں مختصر خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پینل ڈسکشن کا حصہ بننا میرے لئے اعزاز ہے، صنعت کار سے لے کر مزدور تک سب کی روزی تعمیراتی کام سے منسلک ہے، چاہتے ہیں کہ سرمایہ کار کو مستحکم اور محفوظ رکھیں ، غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی پاکستان لانے کے لئے کام کر رہے ہیں، امن اماں کی صورتحال کو بہتر بنایا گیا ہے، اب کراچی میں ہر قسم کے سرمایہ کار سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ، حکومت سندھ کی جانب سے یقین دہانی کرواتے ہیں کہ جو بھی مسائل ہونگے حل کئے جائیں گے۔