سندھ کے علاقے ببرلو بائی پاس پر معصوم بچی پریا کماری کی بحفاظت بازیابی کے لیے احتجاجی دھرنا جاری ہے، جس میں ہیومن رائٹس پروٹیکشن فورم کے وفد نے خصوصی شرکت کی ہے۔ فورم کے مرکزی چیئرمین محبوب چانگ اور لیڈیز ونگ کی چیئرپرسن میڈم انیسہ بلوچ کی قیادت میں وفد نے دھرنے کے شرکاء سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پریا کماری کا اغوا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور سندھ حکومت مغوی بچی کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا کر معصوم بچی کو بازیاب کرائیں اور پریشان حال خاندان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔
