مارچ 15, 2025

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ہنر فاؤنڈیشن کے مابین مستحق خاندانوں کے افراد کو عالمی مارکیٹ کے رجحانات کے مطابق سکل ٹریننگ کی فراہمی پر تبادلہ خیال
کراچی چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج کراچی میں سی ای او ہنر فاؤنڈیشن جناب طاہر جاوید کی دعوت پر ہنر فاونڈیشن کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں سی ای او ہنر فاؤنڈیشن سمیت تمام فیکلٹی ممبران نے سینیٹر روبینہ خالد کا استقبال کیا۔ طاہر جاوید نے سینیٹر روبینہ خالد کو فاؤنڈیشن کے مختلف شارٹ کورسز اور سکلز ڈویلپمینٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
چیئرپرسن روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی اور فاؤنڈیشن کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم مستحق خاندانوں کے افراد کو عالمی مارکیٹ کے رجحانات کے مطابق سکل ٹریننگ فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں مقامی و بین الاقوامی معیار کے مطابق روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرنے میں مدد ملےسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں محروم طبقے کے بچوں کو اسکلز ٹریننگ دینی ہوگی تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔ اس سے نہ صرف ان کے معاشی حالات میں بہتری آئی گی بلکہ وہ ملکی معیشت میں بھی اپنا فعال کردار ادا کرسکیں گے۔


سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ اگر ہر شعبہ میں بین الاقوامی مستند سرٹیفیکیشنز کو یقینی بنایا جائے تو ہمارے اسکلڈ لیبر کی ڈیمانڈ دنیا میں ہوگی۔ انہوں نے ٹریننگ کے دوران بنیادی ورک ایتھکس کو بطور مضمون پڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔


چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کے پسماندہ طبقات کو مالی معاونت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔بی آئی ایس پی مستحق غریب گھرانوں کے اخراجات اور آمدنی کے درمیان خلاء کو مالی معاونت کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔اس وقت ملک بھر کے 93 لاکھ مستحق خاندان بی آئی ایس پی سے مستفید ہورہے ہیں۔ جلد ہی مستحق خاندانوں کی تعداد بڑھ کر 1 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے