کے یو جے کے انتخابات 26 اکتوبر کو ہوں گے۔
کراچی کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جنرل باڈی اجلاس میں نے انتخابات کا اعلان کیا گیا گیا ہے۔ انتخابات 26 اکتوبر کو کراچی پریس کلب میں منعقد ہوں گے۔ کے یو جے کے اجلاس عام میں مختلف فیصلے کیئے گئے متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کا اجلاس عام صدر کے یو جے اعجاز احمد کی زیر صدارت کراچی پریس کلب میں ہوا۔ مہمان خصوصی صدر پی ایف یو جے جی ایم جمالی تھے۔ اجلاس میں سیکریٹری جنرل کے یو جے نے دو سالہ کارکردگی رپورٹ اور فنانس سیکریٹری یاسر محمود نے مالیاتی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹس پر مختلف ارکان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جن میں جی ایم جمالی ،حسن عباس، شاہد غزالی، اصغر عظیم ، محمود ریاض ، جمیل احمد، جاوید اقبال، افتخار احمد، مظہر عباس، معین اللہ شاہ، بچل لغاری ،
سعید جان بلوچ، عامر خان ، اور دیگر ممبران نے مختلف تجاویز دیں۔ کے یو جے کے اجلاس عام میں نائب صدر کے یو جے ناصر شریف نے قراردادیں پڑھ کر سنائیں جن ایوان نے منظور کر لیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ملک میں آزادی صحافت کے لیئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی ،حکومت کی جانب سے جو بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو سخت مزاحمت کی جائے گی۔ اجلاس میں مختلف میڈیا ہائوسز سے کارکنوں کی برطرفیوں ، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر ،اداروں میں ڈائون سائیزنگ ،تھر پارٹی کنٹرکٹ سسٹم جیسے عوامل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام ادارے صحافیوں کو تنخواہیں اور بقایاجات بلا تاخیر جاری کریں اور ورکرز دشمن اقدامات کا خاتمہ کیا جائے۔ اجلاس عام نے شہید صحافیوں جان محمد مہر ،نصراللہ گڈانی اور دیگر کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس نے شہید صحافیوں کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ کراچی میں ایک مذہبی جماعت کی ریلی کے دوران صحافیوں اور کیمرہ مینوں پر تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ صحافیوں کے فلاح و بہبود کے لیئے موثر اقدامات کیئے جائیں اور میڈیا انڈسٹری کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا جائے۔ اجلاس عام نے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے صحافی دشمن ایکٹ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایکٹ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس میں مدت پوری کرنے والی کے یو جے کی باڈی کو مشکل حالات میں تنظیمی فرائض انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کے یو جے اعجاز احمد نے اعلان کیا کہ کے یو جے کے آئندہ انتخابات 26 اکتوبر بروز ہفتہ کراچی پریس کلب میں منعقد کروائے جائیں گے، انتخابات کے شیڈیول کا اعلان چند روز میں الیکشن کمیٹی کرے گی۔ اجلاس کے اختتام پر کے یو جے ارکان کے لیئے شاندار عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔