عمرکوٹ و تھرپارکر میں آر او پلانٹس کے حوالے سے میڈیا رپورٹس اور فراہم کردہ تفصیلات کی جانچ کے لیے ذاتی طور پر دورے کروں گا، محمد سلیم بلوچ
عوام کو انکے بنیادی حق سے محروم رکھنے والے نااہل افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی، معاون خصوصی وزیر اعلی سندھ برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد سلیم بلوچ کی افسران کو ہدایت
04فروری2025ء (کراچی) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد سلیم بلوچ نے تھرپارکر و عمرکوٹ میں آر او پلانٹس سے متعلق افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری محمد بخش جروار، پراجیکٹ ڈائریکٹر (پی ایم یو) محمد صبغت اللہ بھٹو، چیف انجینئر (ڈولپمنٹ) شہید بینظیرآباد شفیق میمن شریک تھے۔ اجلاس میں محمد سلیم بلوچ نے عمرکوٹ و تھرپارکر میں آر او پلانٹس سے متعلق تفصیلات طلب کیں جس پر متعلقہ افسران نے معاون خصوصی کو تفصیلی بریفنگ فراہم کی۔ معاون خصوصی محمد سلیم بلوچ نے کہا کہ عمرکوٹ و تھرپارکر کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی انکا بنیادی حق ہے جس کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عمرکوٹ و تھرپارکر میں آر او پلانٹس کے حوالے سے میڈیا رپورٹس اور فراہم کردہ تفصیلات میں تضاد ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق بیشتر آر او پلانٹس غیر فعال ہیں لہذا حقائق کی جانچ کے لیے میں ذاتی طور پر عمرکوٹ و تھرپارکر کے آر او پلانٹس کے دورے کروں گا۔ محمد سلیم بلوچ نے متنبہ کیا کہ عوام کو انکے بنیادی حق محروم رکھنے والے نااہل افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔