دسمبر 14, 2024

سرکاری محکموں کے خلاف شکایات کا تیزی سے ازالہ کیا جارہا ہے، صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت

صوبائی محتسب سندھ کے تحت محکمہ کے ڈبلیو اینڈ ایس سی اور آبپاشی کے خلاف شکایات حل کردی گئیں

25 نومبر2024 (کراچی) صوبائی محتسب سندھ کے تحت پانی کی عدم فراہمی پر کراچی واٹر اینڈ سپلائی کارپوریشن کے خلاف پی ای سی ایچ ایس بلاک 15-G کی رہائشی خاتون کی درخواست نمٹادی گئی۔ درخواست دہندہ ڈاکٹر سارہ اعجاز حسین نے صوبائی محتسب سندھ کو درخواست جمع کروائی تھی کہ پانی کے بل جمع کروانے اور شکایت کے باوجود کے ڈبلیو اینڈ ایس سی دو سال سے پانی فراہم نہیں کررہا ہے جبکہ 15-F اور 15-H میں پانی آرہا ہے۔ صوبائی محتسب سندھ کے زیر صدارت سماعت میں ایگزیکٹو انجینئر جمشید ٹاؤن نے اعتراف کیا کہ معاملے کی چھان بین کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ درخواست دہندہ کے گھر کے جانب جانے والی پانی کی سپلائی لائن ٹوٹی ہونے کے سبب درخواست دہندہ اور دیگر رہائشیوں کو پانی سپلائی نہیں ہورہا ہے۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے ایگزیکٹو انجینئر جمشید ٹاؤن کو مسئلے کے فوری حل کی ہدایت دیں۔ جس کے بعد پانی کی ٹوٹی لائن کی مرمت کرکے مسئلہ حل کردیا گیا۔ دوسری جانب بلڑی شاہ کریم ٹنڈو محمد خان کے رہائشی اختیار علی نے دیہہ ڈوڈی میں اپنی زیر کاشت زمین پر مخالفین کی جانب سے واٹر سپلائی روکے جانے کے خلاف درخواست جمع کروائی تھی۔ جس پر صوبائی محتسب نے ایگزیکٹو انجینئر پھلیلی کینال ڈویژن کو طلب کیا تھا اور درخواست دہندہ کو اسکے حصے کا پانی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں محکمہ آبپاشی کی جانب سے مسئلے کو حل کرکے درخواست دہندہ اختیار علی کو مجوزہ پانی کی سپلائی بحال کردی گئی۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں کے خلاف شکایات کے فوری حل سے عوام کا صوبائی محتسب سندھ پر اعتماد بڑھ رہا ہے جو باعث اطمینان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے