کراچی لائیو اسٹاک سندھ کے تحفظ اور ترقی کیلئے آئندہ 20 سال کا منصوبہ جلد سندھ کابینہ کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سید نجمی عالم نے 20 سالہ پروگرام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ، سید نجمی عالم کی جانب سے خصوصی دعوت پر سندھ فارمرز کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر سید سردار شاہ نے اس پلان پر عارضی تجاویز بھی دیں اور صوبائی مشیر کو تحریری طور پر اپنی مکمل تجاویز دینے کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمنان کھوکھر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وژن 2045 کے تحت قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل المدتی پروگرام کے تحت محکمہ لائیو سٹاک تمام جانوروں کے چار گنا زیادہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ تاہم جنوری 2025 سے سندھ میں پہلی بار جعنٹری ٹیسٹنگ پروگرام شروع کیا جانا ہے اور لائیو سٹاک ڈیٹا کی ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ ساتھ ٹیگنگ سسٹم بھی نافذ کیا جائے گا۔ بریفنگ کے دوران صوبائی مشیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ اس پلان کے تحت صوبائی سطح پر ایک ایڈوائزری کونسل اور ضلعی سطح پر ایڈوائزری کمیٹی قائم کی جائے گی، تاہم سندھ کی مقامی گائے کی نسل، لال گائے اور تھیری نسل کی گائے کو بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر پرائیویٹ فارمر سید ضرار حیدر شاہ، ڈیلفا فارمر حارث علی مٹھانی اور طاہر میمن کے علاوہ سندھ لائیو اسٹاک کے ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر علی اختر شاہانی، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک سندھ ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو، ڈپٹی سیکریٹری لائیو اسٹاک سید اویس الحسن، ڈائریکٹر میرین فشریز ڈاکٹر عاصم کریم، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ ڈاکٹر مبارک جتوئی، ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری سندھ ڈاکٹر ریاض عباسی، ڈائریکٹر اینیمل بریڈنگ ڈاکٹر ذوالفقار پٹھان، ڈائریکٹر CVDL ڈاکٹر اعظم بروہی، ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر رحمت اللہ سنجرانی،رجسٹرار لائیو اسٹاک بریڈنگ سروسز اتھارٹی ڈاکٹر عبداللہ سیٹھار، ڈی آئی او سندھ لائیو اسٹاک ڈاکٹر جاوید میمن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو سندھ کی ہر یونین کونسل تک پہنچایا جائے گا اور ہم سندھ کے تمام اضلاع اور پرائیویٹ فارمز اور بریڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ان کی تجاویز پر غور کرتے ہوئے ہم ان کی ہر ممکن مدد کریں گے، بشمول ان کو تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے تاکہ سندھ کے جانوروں کی افزائش نسل کا عمل تیزی سے جاری رہے۔