کراچی پولیس کے ہاتھوں گرفتار مبینہ منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اب ملزمہ کو لیاری کے تھانہ بغدادی میں درج قتل کے ایک مقدمے میں بھی گرفتار کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سات مئی کو لیاری کے حاجی پیر محمد گوٹھ سے ایک نشے کے عادی شخص کی لاش ملی تھی، جس کی جیب سے ایک ڈبی برآمد ہوئی۔ اس ڈبی پر "کوئن میڈم ڈان نام ہی کافی ہے” کے الفاظ درج تھے۔ شہری محمد شیر کی مدعیت میں درج اس مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی ہی علاقے میں زہریلا نشہ فروخت کرتی ہے جو اس ہلاکت کا سبب بنا۔ پولیس نے دفعہ 302 کے تحت درج اس مقدمے کی روشنی میں ملزمہ سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ اس کے مہلک کاروبار کے تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
