وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ موجودہ کشیدہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی ایپکس کمیٹی کا تینتیس ویں اجلاس چیف منسٹر ہاوس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں ہوا۔ کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، وزیرداخلہ سندھ، آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف بھی شریک ہوئے۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے موجودہ کشیدہ سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا ۔ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد کراچی میں قیمتی جانوں کے نقصان کے پیش نظر ریاستی رٹ، غیر ملکی شہریوں کی حفاظت اور ہدفی کارروائیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا دہشت گردی، منظم جرائم، لینڈ مافیا اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مربوط آپریشن جاری رکھے جائیں۔ وزیراعلی کو اسٹریٹ کرائم کی روک تھام اور دو لاکھ، اٹہتر ہزار، آٹھ سو سولہ غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی پر بریفنگ دی گئی۔مراد علی شاہ نے سندھ فارنزک سائنس لیبارٹری دسمبر دوہزار چھبیس تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا سندھ فارنزک سائنس لیبارٹری سے تفتیشی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
