اجلاس میں سیکریٹری صحت سندھ محمد ریحان بلوچ، مشیران و رجسٹرار صوبائی محتسب سندھ کی شرکت
محکمہ صحت میں زیر التواء شکایات بروقت حل، فوکل پرسنز فوری نامزد کیے جائیں، صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت کی ہدایت
محکمہ صحت سندھ سے متعلق تمام جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، سیکریٹری صحت سندھ محمد ریحان بلوچ کی یقین دہانی
صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت کے زیر صدارت محکمہ صحت سندھ سے متعلق عوامی شکایات کے حوالے سے صوبائی محتسب سندھ کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت محمد ریحان بلوچ، مشیران و رجسٹرار صوبائی محتسب سندھ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت و سیکریٹری صحت سندھ کو محکمہ صحت سندھ سے متعلق صوبائی محتسب سندھ میں درج عوامی شکایات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے بعد صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے سیکریٹری صحت سندھ کو زیر التواء شکایات کو بروقت حل کرنے اور فوری فوکل پرسنز نامزد کرنے کی ہدایات دیں
جبکہ سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد کے آپریشنل بجٹ کی تفصیلات بھی طلب کیں۔ محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ پولیو ورکرز کی جانب سے ان کی خدمات کے بعد انھیں بغیر اجرت فارغ کیے جانے جبکہ کووڈ 19 کے دوران بھرتی ملازمین کی بھی لاتعداد شکایات موجود ہیں جنھیں فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔ سیکریٹری صحت سندھ محمد ریحان بلوچ نے صوبائی محتسب سندھ کو ہر سطح پر فوری فوکل پرسنز کی فوری نامزدگی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے صوبائی محتسب سے تمام شکایات بمعہ متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کی درخواست کی۔
سیکریٹری صحت محمد ریحان بلوچ نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ صوبائی محتسب سندھ کے احکامات کی روشنی میں فوری تمام جائز شکایات کا ازالہ کرے گا جبکہ محکمہ صحت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے تمام فوکل پرسنز کو بھی ہدایات جاری کردی جائیں گی کہ وہ صوبائی و ریجنل محتسب سے رابطے میں رہیں۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ تمام حل اور زیر التواء شکایات کا جائزہ لینے کے لیے دوبارہ جلد اجلاس طلب کیا جائے گا۔