
کندھ کوٹ قومی شاہراہ پر ڈاکوؤں کا دھاوا، وکیل جاں بحق، ریونیو ملازم زخمی
کندھ کوٹ: بخشاپور کے قریب قومی شاہراہ پر ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ سے وکیل نور محمد عرف علی منگی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ریونیو ملازم رمضان میرانی شدید زخمی ہوگئے۔
مقتول وکیل علی منگی نے حال ہی میں سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کیا تھا اور 17 گریڈ میں ہیڈ ماسٹر کے طور پر جوائننگ کے منتظر تھے
پولیس نے ابتدائی بیان میں واقعے کو ڈکیتی یا رہزنی قرار دیا ہے۔ تاہم، واقعے کے بعد نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ ضلع بھر کے وکلا میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ضلع بار کونسل نے اس واقعے پر سخت احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے ہفتے کے دن سیشن کورٹ اور ماتحت عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
زخمی رمضان میرانی کو فوری طور پر بخشاپور اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب، پولیس نے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکا بندی شروع کردی ہے، لیکن تاحال کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
کندھ کوٹ اور گردونواح میں ڈاکوؤں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں عوام اور وکلا برادری کے لیے تشویش کا باعث بن گئی ہیں۔ شہریوں نے اس واقعے پر فوری انصاف اور ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔