
سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار طور پر نکالی گئی ریلی میں بھرپور شرکت
کراچی:

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (سندھ ایچ ای سی) کے زیراہتمام افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے سلسلے میں جمعرات کو سی ویو پر نشانِ پاکستان سے کلاک ٹاور تک نکالی گئی

یکجہتی ریلی میں بھرپور شرکت کی۔ ریلی کی قیادت سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع نے کی، جس میں دیگر یونیورسٹییز اور ان کے سربراہان کے ساتھ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، ڈینز ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ، وائس چانسلر کے مشیر برائے اکیڈمکس ڈاکٹر عبدالحفیظ خان، رجسٹرار غلام مصطفیٰ شیخ، ڈائریکٹر داخلہ و امتحانات فرقان افتخار، تعلیمی شعبہ جات کے چیئرپرسنس، انتظامی شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی، افسران، اسٹاف اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی چنڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاک افواج کی بہادری اور مثالی کامیابی پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے
جنہوں نے پاکستان پر بھارت کے شرمناک حملے کے دوران اپنے قومی

جذبے، بہادری اور جنگی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی خودمختاری کا تحفظ کیا اور دشمن کو بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اب بھارتی عزائم سے پوری طرح آگاہ ہو چکی ہے کہ وہ ہمیشہ پاکستان کے خلاف جارحیت اور دشمنی کا مظاہرہ کرتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کی بات کی ہے

اور مقبوضہ کشمیر کے لیے حق خودارادیت کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور اس کے ہیروز کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے جنگ کے دوران پاکستان پر حملہ کرنے والے بھارتی جنگی طیاروں کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستان عالمی برادری میں اخلاقی طور پر بلند اور سرخرو ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں جو ہمارے ملک- پاکستان کی سرحدوں اور اپنے عوام کی جانوں کی حفاظت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کا احترام کرے، مقبوضہ کشمیر سے دستبردار ہوجائے اور سندھ طاس معاہدے کا احترام کرے۔ ڈاکٹر چنڑ نے سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے کامیاب ریلی کا انعقاد کیا۔