کراچی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں پولیو وائرس کے ایک نئے کیس کے ظاہر ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انتہائی مایوسی اور افسوس کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ترقی کی نئی منزلیں طے کررہی ہے لیکن ہم اب تک اپنے معاشرے کو پولیو کی وبا سے نجات دلانے میں ناکام رہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ڈھائی سالہ بچے میں پولیو کے نئے انکشاف نے انہیں بہت بڑے صدمے سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے عدم تعاون اور انکار کی وجہ سے حکومت کی مسلسل کوششیں خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں کر پارہیں۔انہوں نے کہاکہ جو والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلاتے وہ اس وبا کے پھیلا نے میں برابر کے شریک ہیں جس سے ہمارا معاشرہ مزید اس وبا کا شکار ہوتا جارہاہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو رضاکارانہ طور پر پولیو کے قطرے پلا کر اس معذوری سے بچائیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک نئے کیس کے سامنے آنے سے سندھ میں اب تک پولیو کے پانچ کیسز ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں مجموعی طور رپ 24 کیسز رپورٹ ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے میں ناکامی کی بڑی قیمت ہمارے بچے اور ہم بحیثیت ایک قوم کے ادا کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ در در جا کر انسداد پولیو مہم چلا رہی ہے اور چلاتی رہے گی لیکن والدین کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا ۔والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اچھی صحت، تعلیم اور مستقبل فراہم کریں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ پولیو کے نئے کیس کی انکوائری کی جائے اور اس حوالے سے سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ اسے بنیاد بناکر ضروری پالیسی فیصلے کیے جا سکیں۔
خبروں کا عالمی دن: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خبروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خبر کامقصد ’سچائی کا انتخاب ‘ ہے جو خود نیوز انڈسٹری سے وابستہ افراد کے لیے ایک آواز ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سچ سچ ہوتا ہے اور اسے پوری سچائی اور ایمانداری کے ساتھ پیش کرنا چاہیے لیکن اگر اس میں جھوٹ یا مبالغہ آرائی کا ایک لفظ بھی شامل کیا جائے تو اس کی حرمت داغدار ہوجاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کی اس دنیا میں جہاں ہر کسی کے پاس آواز اٹھانے کے لیے طاقت ور آلہ موجود ہے لیکن افسوس، اس میں دکھایا جانے والا زیادہ تر مواد جھوٹ اور افواہوں پر مشتمل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سچ اور جھوٹ کی لڑائی میں حق کی آواز بن کر ابھریں اور ہمیشہ سچائی کا ساتھ دیں۔