اکتوبر 14, 2025

کراچی(

سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 35 ویں نیشنل گیمز کی میزبانی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔اس سلسلےمیں کراچی میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر نے کی۔ اجلاس میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر، ڈائریکٹر اسد اسحاق، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری احمد علی راجپوت، علی ڈنو گوپانگ سمیت دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل گیمز میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کے سامان، لوگو اور ڈرافٹ کو حتمی شکل دی گئی اور منظوری دے دی گئی.وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمز کے انتظامات اور ڈرافٹ کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ سندھ سے لی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت 6 سے 13 دسمبر تک کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز کی میزبانی کرے گی جبکہ ایونٹ سے 20 روز قبل ٹارچ ریلی نکالی جائے گی اور افتتاح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔سردار محمد بخش نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ سندھ کی ٹیم زیادہ سے زیادہ گولڈ میڈلز جیت کر نیشنل گیمز میں نمایاں کامیابی حاصل کرے، ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران کھلاڑیوں کا ٹرائل لینے والی کمیٹی کا حصہ ہونگے،میرٹ پر کھلاڑیوں کی سلیکشن ہوگی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی، 35 ویں نیشنل گیمز کی بھرپور پروموشن کے لئے سوشل میڈیا اور شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر تشہیری مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری احمد علی راجپوت نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ہزار گولڈ اور سلور میڈلز تیار کرالیے گئے ہیں، جبکہ ٹارچ، جنرل ٹرافی، شرٹس اور دیگر ٹرافیاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز 20 سے 30 اکتوبر تک منعقد کیے جائیں گے۔سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر کے مطابق نیشنل گیمز میں سندھ کے 700 سے زائد کھلاڑی جبکہ دیگر صوبوں کے 1500 سو سے زائد لڑکے اور لڑکیاں حصہ لیں گے۔ کھلاڑیوں کو رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پرائم منسٹر یوتھ گیمز 7 سے 13 ستمبر تک اسلام آباد میں منعقد ہونگے، جس میں اولمپئن ناصرعلی،انٹرنیشنل جمناسٹک مریم کیریو، خالد رحمانی اور سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بلوچ کی سربراہی میں سندھ کے 365 کھلاڑی بھرپور شرکت کریں گے۔ ان کھیلوں میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، ہاکی، سوئمنگ، کبڈی سمیت 16 کھیل شامل ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوتھ گیمز میں شریک کھلاڑیوں کے ٹرائلز تقریباً مکمل ہوچکے ہیں۔وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور سیکریٹری کھیل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بھرپور تیاری اور طاقت کے ساتھ سندھ کے کھلاڑی پرائم منسٹر یوتھ گیمز میں حصہ لیں اور شاندار کامیابی حاصل کرکے صوبے سندھ کا نام روشن کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے