
ملاقات میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمیت مختلف سیاسی و سماجی امور پر تبادلۂ خیال
وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی سندھ محمد سلیم بلوچ سے سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے قائمقام صدر حمید سومرو، جنرل سیکریٹری اکرم بلوچ کی قیادت میں صحافیوں کے وفد نے انکے دفتر میں غیر رسمی ملاقات کی۔ ملاقات میں وحید راجپر، کے ایم عباسی، شجاعت قریشی، قادر منگریو، منیر ساقی، چیف انجینئر (ڈوولپمنٹ) سکھر برکت خواجہ، افسر تعلقات عامہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی سندھ شبیر علی بابر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں تھرپارکر، اسلام کوٹ، لاڑکانہ و دیگر علاقوں میں آر او پلانٹس سمیت مختلف سیاسی و سماجی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی محمد سلیم راجپوت نے صحافیوں کو بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کے مطابق سندھ حکومت عوامی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پانی کی کمیابی کے پیش نظر صوبے بھر کے آر او پلانٹس میں سے 75 فیصد تھرپارکر میں لگائے ہیں جبکہ مختلف جگہوں پر غیرفعال آر او پلانٹس کو فوری فعال کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا عوام اور حکومتی کے درمیان رابطے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انھوں نے صحافیوں کے وفد کو یقین دلایا کہ بطور معاون خصوصی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی سے متعلق میڈیا کے ذریعے نشاندہی کی گئی خامیوں کو دور کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ قبل ازیں صحافیوں کے وفد نے معاون خصوصی محمد سلیم بلوچ کو محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی سندھ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔