فروری 14, 2025

سائبر نائف میں کینسر کا 100 فیصد علاج ہورہا ہے، سمیتا افضال سید کا سائبر نائف کارکردگی پر اظہار اطمینان

کراچی ترجمان سندھ حکومت سمیتا افضال سید اور گھنور اسران نے کہا ہے کہ سائبر نائف دماغی کینسر کے علاوہ پروسٹیٹ کینسر کا 100 فیصد علاج فراہم کرتا ہے اور اسپتال میں 570 نئے ڈاکٹرز کی بھرتیوں اور سات منزلہ میڈیکل ٹاور کی تعمیر منصوبے کا حصہ ہے جبکہ آئندہ تین سالوں میں جناح اسپتال میں کوئی پرانی عمارت نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جناح اسپتال کے سائبر نائف ڈیپارنمنٹ میں کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر سائبر نائف کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود بھی موجود تھے ۔ سندھ حکومت کی ترجمان اور پیپلزپارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی سمیتا افضال سید نے جناح اسپتال کے سائبر نائف سینٹر کا دورہ کیا۔ سائبر نائف ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے سائبر نائف ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سمیتا افضال سید نے مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کے دوران سائبر نائف کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر کا علاج مفت کیا جا رہا ہے۔ جناح اسپتال کے سائبر نائف سینٹر میں سندھ کے 45 فیصد مریض جبکہ دیگر صوبوں اور 14 سے زائد ممالک کے مریض بھی علاج کے لیے آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سائبر نائف کے علاوہ یہاں پیٹ اسکین اور ٹومو تھراپی کی سہولت بھی موجود ہے۔ ترجمان سندھ حکومت گھنور اسران نے کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نظریے کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے صحت سمیت دیگر محکموں میں کام کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم نے ساؤتھ افریقہ سے آئے ایک مریض سے بھی ملاقات کی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود نے میڈیا کو بتایا کہ سائبر نائف دماغی کینسر اور پروسٹیٹ کینسر کا 100 فیصد علاج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ منہ کے کینسر کے 35 فیصد کیسز یہاں رجسٹر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ کے تمام اسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کو بہترین مفت علاج فراہم کررہی ہے اگر سائبر نائف سے علاج ممکن ہے تو یہ بڑی کامیابی ہے جبکہ یہاں ایک مریض جنوبی افریقہ کا بھی داخل ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جناح اسپتال 2011 سے عدالتی معاملات میں الجھا ہوا تھا جس کی وجہ سے بھرتیوں پر اسٹے آرڈر لگا۔ انھوں نے کہا کہ اسپتال میں اس وقت 1498 ملازمین ہیں اور عدالت نے مزید 2225 بھرتیوں کی اجازت دی ہے۔اسپتال میں 100 ایف سی پی ایس ڈاکٹرز موجود ہیں جبکہ مزید 570 ڈاکٹرز شامل کیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ مخیر حضرات کی مدد سے 140 ملین ڈالر جمع کیے گئے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ جناح اسپتال میں پرانے ایمرجنسی وارڈز ختم کر کے سات منزلہ میڈیکل ٹاور بنایا جائے گا، اور 500 سے زائد بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے