
کراچی میں مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان مزید چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے دوسرے ملزم شیراز کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں تفتیشی افسر نے کہا آلہ قتل برآمد کرانا ہے۔ ملزم ملک میں کہاں کہاں گھومتا رہا ہے ،اس حوالے سے تفتیش کرنی ہے۔ایف آئی اے اور دیگر اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ملزم نے انکشافات شروع کردئیے ہیں ۔دس مارچ تک جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ملزم ارمغان نے کہا مجھے کپڑے تبدیل نہیں کرنے دئیے جارہے ہیں۔ دس پندرہ دن سے یہی کپڑے پہنے ہوئے ہوں۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا ملزم انتہائی شاطر اور چالاک ہے ۔ تین سو لڑکے لڑکیوں کو ویڈ کے نشے پر لگایا ہوا تھا۔ آلہ قتل اسٹک برآمد کرنی ہے۔آئرن اسٹک سے اور بھی لڑکے لڑکیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔چونسٹھ لیپ ٹاپ کا فرانزک کرانا ہے۔ ملزم سے جدید اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے پریشان ہیں۔ سی ٹی ڈی وغیرہ کے بھی کیسز ہیں ،۔ عدالت کے چالا ن جمع کرانے سے متعلق سوال کے جواب میں سرکاری وکیل نے کہا ابھی تو انوسٹی گیشن مکمل نہیں ہوئی ہے۔ عدالت نے ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں دس مارچ تک چھ دن کی توسیع کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے دوسرے ملزم شیراز کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
۔۔