دہشت گرد ہلاک، قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں پیش آنے والے دہشت گردی کے سنگین واقعات میں پولیس اہلکاروں، پاک فوج کے جوانوں اور شہریوں نے عظیم قربانیاں دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، جنہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مختلف کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے افسروں اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے ملک کا دفاع یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت یکجہتی کے ساتھ پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے اور دہشت گرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور گزشتہ سال مئی میں معرکۂ حق کی کامیابی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے اور دہشت گردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے، امن و استحکام کے قیام اور قومی یکجہتی کے ذریعے پاکستان کو جلد ترقی، خوشحالی اور استحکام کا گہوارہ بنایا جائے گا
