فروری 17, 2026

کراچی: سندھ حکومت اور امریکی محکمہ زراعت کے اشتراک سے سندھ اسکول میلز پروگرام کا آغاز

سندھ حکومت نے امریکی محکمہ زراعت کے تعاون سے سندھ اسکول میلز پروگرام شروع کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں ہوا، جس میں وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے صوبائی حکومت کی نمائندگی کی جبکہ امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین نے امریکی حکومت کی نمائندگی کی۔

تقریب میں سیو دی چلڈرن پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر محمد خرم گوندل اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر کوکو اُشیاما بھی شریک تھے۔ یادداشت نامہ سندھ حکومت، امریکی محکمہ زراعت، ورلڈ فوڈ پروگرام اور سیو دی چلڈرن کے مابین طے پایا۔

امریکہ McGovern-Dole پروگرام کے تحت 80 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا، جس سے سندھ بھر کے تقریباً 1300 پرائمری اسکولز کے 2 لاکھ سے زائد طلبہ مستفید ہوں گے۔ طلبہ کو روزانہ پکا ہوا کھانا اور ٹیک ہوم راشن فراہم کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت اسکولوں میں واٹر، سینیٹیشن اور ہائیجین سہولیات کی بحالی بھی شامل ہے، جبکہ اساتذہ اور اسکول مینجمنٹ کمیٹیوں کو فوڈ سیفٹی و نیوٹریشن ٹریننگ دی جائے گی۔

پروگرام کے لیے امریکی گندم، دالیں اور کوکنگ آئل فراہم کیے جائیں گے، ساتھ ہی مقامی کسانوں سے پھل اور سبزیاں خریدی جائیں گی تاکہ صوبائی معیشت کو سہارا ملے۔ منصوبے پر عملدرآمد سیو دی چلڈرن اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے ہوگا، جبکہ اس کے لیے ایک جوائنٹ اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ یہ اقدام غذائی قلت سے نمٹنے اور تعلیمی حاضری بڑھانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے بچوں میں غذائی قلت نمایاں ہے جو سیکھنے کے عمل کو متاثر کرتی ہے، لیکن آج سندھ میں تعلیم اور غذائیت کے ذریعے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول میلز پروگرام سے اسکول سے باہر بچوں کو واپس لانے میں بھی مدد ملے گی۔

McGovern-Dole پروگرام کم آمدنی والے ممالک میں تعلیم، غذائیت اور فوڈ سکیورٹی کو فروغ دیتا ہے، جس کا مقصد بھوک میں کمی اور بالخصوص بچیوں کی پرائمری تعلیم میں بہتری لانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے