مارچ 4, 2026

کراچی پی ای سی ایچ ایس میں معروف صنعتکار کے بنگلے میں مسلسل چوری کرنے والے گروہ کی پانچ خواتین ملازماؤں کو فیروزآباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار خواتین گزشتہ نو برس سے مذکورہ صنعتکار کے گھر کام کر رہی تھیں اور دوران تفتیش انہوں نے اعتراف کیا کہ اس عرصے میں مسلسل چوری کی وارداتیں کرتی رہیں۔ گروہ کی سرغنہ عروج نے لاکر کی چابی چرا کر تین ہزار روپے میں ڈپلیکیٹ بنوائی تھی جس کے ذریعے نقدی اور قیمتی سامان نکالا جاتا رہا۔پولیس کے مطابق گرفتار خواتین کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی اور موبائل فونز برآمد ہوئے جبکہ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ چوری کی رقم سے گھر، گاڑی، موٹر سائیکل اور دیگر قیمتی اشیاء خریدی گئیں۔ گرفتار خواتین کا تعلق وہاڑی، اوکاڑا، فیصل آباد، رحیم یار خان اور کوٹ ادو سے ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ آخری واردات میں خواتین بنگلے سے تین لاکھ روپے نقدی لے کر فرار ہوئیں جس پر صنعتکار نے مقدمہ درج کرایا۔ گرفتار خواتین کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس حکام کے مطابق مزید انکشافات متوقع ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے