
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کی حیدرآباد میں عوامی نمائندگان اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات؛ شہید بینظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ ؛ بی آئی ایس پی خواتین کی معاشی خودمختاری کا پروگرام؛ 93لاکھ خواتین پروگرام سے مستفید؛ بینظیر اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے بیرون ملک روزگار کی فراہمی؛ پروگرام میں رجسٹریشن کا نہ کوئی فارم نہ ہی سروے فیس؛ 8171 بی آئی ایس پی کا و احدنمبر: سینیٹر روبینہ خالد
میئر سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو؛ بی آئی ایس پی نے ری سرٹیفیکیشن کا عمل شروع کردیا؛بینظیر کفالت کی سہ ماہ قسط 10500 روپے سے بڑھا کر 13500 روپے کردی گئی؛ یہ خبر غلط پھیلائی گئی کہ سرکاری ملازم بی آئی ایس پی سے مستفید ہورہے ہیں؛ بی آئی ایس پی کا ڈیٹا بیس نادرا کیساتھ منسلک ہے؛ خواتین کو عزت و اخترام اور شفاف طریقے سے ادائیگیاں کی جارہی ہیں
بی آئی ایس پی ڈسٹرکٹ آفیس جام شورو میں قائم ادائیگی مرکز اور ڈائنامک رجسٹریشن سینیٹر کا دورہ؛ عملے کو مستحق خواتین کیلئے پینے کے صاف پانی ، شیڈ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے احکامات جاری
کوٹڑی ضلع جامشورو میں قائم بینظیر نشوونما سینٹر کا دورہ ؛ سینٹر کے مختلف سیکشنز کا جائزہ لیا اور خواتین سے بات چیت کی
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج حیدر آباد میں شہباز ہال میں منقعد کئے گئے اجلاس میں عوامی نمائندگان اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی ۔ اجلاس میں میئر حیدرآباد کاشف شورو، ایم پی اے صائمہ آغا، پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے انفارمیشن سیکرٹری عاجز دامرا، پی پی رہنما اظہر علی سیال، لیڈیز ونگ کی صدر صنم تالپر، سید علی حسن شاہ، عمیر چانڈیو، نورالنساء ابڑو، زاہدہ میمن و دیگر شریک تھے۔
اجلاس کے آغاز میں شہید بینظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ اور دعا کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر کفالت پروگرام کے تحت 93 لاکھ مستحق خواتین کی مالی معاونت کی جارہی ہے۔اس پروگرام نے خواتین کو شناخت دی اور معاشی طور پر خودمختار بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اسکلڈ لیبر کی مانگ ہے۔ بینظیر اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کے بچوں کو فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کی کوئی فیس یا فارم نہیں ہوتا ادارے کی جانب سے تمام پیغامات صرف 8171 سے ہی بھیجے جاتے ہیں۔ اجلاس کے دوران عوامی نمائندوں اور پیپلزپارٹی کے عہدیداران نے ضلع حیدرآباد میں مستحق خواتین کی بینظیر کفالت میں شمولیت یقینی بنانے اور ٹنڈو جام میں تحصیل دفتر کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بعض عناصر نے اس پروگرام کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا اور اس کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔یہ محض ایک سماجی تحفظ پروگرام نہیں، بلکہ خواتین کی خودمختاری اور ان کی شناخت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے عوامی نمائندگان سے درخواست کی کہ وہ خواتین کو آگاہ کریں کہ انہیں کتنی رقم مل رہی ہے اور کسی بھی استحصال سے بچنے کے لیے وہ اپنا ذاتی موبائل نمبر ہی رجسٹر کروائیں۔حیدرآباد کے سیاسی نمائندوں، بلدیاتی نمائندگان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ضلع حیدرآباد میں خواتین کو درپیش مسائل سے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو آگاہی فراہم کی اور مسائل کے حل کے لیئے مشاورت بھی کی ۔
میئر سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا مقصد غریب عوام کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین کو عزت کے ساتھ ادائیگیاں ہوسکیں ، اس لئے ہر جگہ کا دورہ کررہی ہوں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بہتر سے بہتر بنانا مقصد ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی نے ری سرٹیفیکیشن کا عمل شروع کیا ہے جس کے تحت ہر 3 سال بعد پہلے سے رجسٹرڈ گھرانے کا دوبارہ سروے کیا جائیگا۔ بینظیر کفالت کی سہ ماہی قسط کو 10500 روپے سے بڑھا کر 13500 روپے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ خبر غلط پھیلائی گئی کہ سرکاری ملازم بی آئی ایس پی سے مستفید ہورہے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین میں چوکیدار بھی ہیں جو اس پروگرام میں غلط شامل نہیں ہوئے۔ بی آئی ایس پی کا ڈیٹا بیس نادرا کیساتھ منسلک ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پروگرام میں صرف ڈیجیٹل رجسٹریشن ہوتی ہے، 8171 ہمارا نمبر ہے ۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی ڈسٹرکٹ آفیس جام شورو میں قائم ادائیگی مرکز اور ڈائنامک رجسٹریشن سینیٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم پی حنا دستگیر، ضلع جامشورو کے وائس پریڈنٹ یاسمین کرمانی ، صنم انڑ، سمیرہ اوڈو اوربی بی اگنیس موجود تھیں۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے عملے کو مستحق خواتین کیلئے پینے کے صاف پانی ، شیڈ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے سخت احکامات جاری کیے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے ادائیگی مرکز اور ڈائنامک رجسٹریشن سینیٹر پر موجود خواتین کے ساتھ بات چیت کی ، انکو درپیش مسائل سننے اور متعلقہ افسران کو مسائل کے فوری حل کیلئے ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے دفتر کے احاطے میں پودہ بھی لگایا۔
چیئرپرسن روبینہ خالد نے کوٹڑی ضلع جامشورو میں قائم بینظیر نشوونما سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ دورے کے دوران چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بینظیر نشوونما سینٹر کے مختلف سیکشن کا جائزہ لیا اوروہاں موجود خواتین سے بات چیت کی۔