مارچ 12, 2025

سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر حاضری
لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ امن اور روحانی روشنی کا مرکز ہے، وزیراعلیٰ سندھ
سندھ اور پاکستان کو ہمیشہ سرسبز، شاد اور آباد رکھے، سید مراد علی شاہ
کراچی / سیہون شریف / عمرکوٹ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سندھ اور پاکستان کو ہمیشہ سرسبز، شاد اور آباد رکھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں اور ولیوں کی سرزمین ہے اور حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ امن اور روحانی روشنی کا مرکز ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے 773ویں عرس کی

اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا پیغام محبت، امن اور رواداری پر مبنی ہے اور سندھ حکومت صوفی روایتوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زائرین کی خدمت، سکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزراء ریاض شاہ شیرازی، ذوالفقار علی شاہ، مکیش کمار چاولہ اور دیگر موجود تھے۔ سیہون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیہون میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ممکن ہونا چاہیے مگر وسائل محدود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں انٹرنیشنل میچز کے انعقاد کے لیے حامی بھر لی ہے اور جلد اسے عالمی معیار کا بنایا جائے گا۔ کرپشن کے حوالے سے سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ کرپشن کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ٹریفک حادثات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر سخت کارروائی کر رہی ہے، اور عوام کی جان کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سیہون-جامشورو سڑک کی تعمیر میں تاخیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے تحت تھا، جس کی تکمیل کئی سالوں سے نہیں ہوئی، جبکہ سندھ حکومت نے 2017ء میں اس کے لیے 7 ارب روپے دیے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی عمرکوٹ میں نواب یوسف ٹالپر کی نماز جنازہ میں شرکت
عمرکوٹ: قبل ازیں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گاؤں مانجھاکر، کنری، ضلع عمرکوٹ پہنچے جہاں انہوں نے سینئر سیاستدان نواب یوسف ٹالپر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے نواب یوسف ٹالپر کے صاحبزادے اور رکن صوبائی اسمبلی تیمور ٹالپر سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کی۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزراء؛ شرجیل انعام میمن، قاسم نوید قمر، مکیش کمار چاولہ، ایم این اے شبیر بجارانی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نواب یوسف ٹالپر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک وفادار، مخلص اور نظریاتی رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی اور عوامی خدمت کو ترجیح دی۔ ان کا نام ہمیشہ عزت و وقار کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ایم پی اے سہیل انور سیال کے گھر آمد، تعزیت
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم پی اے سہیل انور سیال کے گھر جا کر ان کے چاچا ڈاکٹر ذوالفقار سیال کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار سیال کی سماجی اور ادبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے