محکمہ ثقافت سندھ کا نوجوان نسل کو شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کی زندگی اور پیغام سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کا فیصلہ
محکمہ ثقافت سندھ کے بھٹ شاہ کلچر سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر عادل احمد کی جانب سے طلبہ کے ایک گروپ کو بھٹ شاہ کلچر سینٹر کا دورہ کرایا گیا، وہ مقام جہاں تاریخ، ورثہ اور ہم آہنگی ایک ساتھ جلوہ گر ہیں۔
طلبہ نے میوزیم کا دورہ گائیڈڈ ٹور کے ذریعے کیا، حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کی زندگی اور پیغام پر ایک معلوماتی لیکچر میں شرکت کی، قرار جھیل میں مفت کشتی کی سیر سے لطف اٹھایا، اور اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع بھی حاصل کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر عادل احمد نے کہا کہ ایسے بامقصد تجربات کے ذریعے محکمہ ثقافت سندھ کا مقصد ہے کہ نوجوانوں کو سندھ کے مستقبل کے ثقافتی سفیروں کے طور پر تیار کیا جائے، تاکہ وہ شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کے امن، شاعری اور ثقافتی فخر کے پیغام کو آگے بڑھا سکیں۔
