
پاک افغان بارڈر پر شہید 12 جوانوں کی نماز جنازہ ادا، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اعلیٰ قیادت کی شرکت
راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر حالیہ جھڑپوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 12 جوانوں کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، نماز جنازہ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، گورنر خیبرپختونخوا، سول و فوجی اعلیٰ افسران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس موقع پر کہا کہ "پاکستان کے عوام ان شہدا کے مقروض ہیں، قوم کے ان ہیروز نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "جوانوں نے طالبان اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔”
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور پاکستانی عوام کی حمایت سے ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
نماز جنازہ کے موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی قربانیوں کو قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا گیا۔