
کراچی
سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کو مفت پنک اسکوٹیز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کراچی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیر اہتمام ایک نجی ہال میں تقریب ہوئی۔ تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خواتین و طالبات کو پنک اسکوٹیز کی چابیاں فراہم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ بے نظیر سپورٹ پروگرام، ویمن پولیس اسٹیشنز، بے گھر ہاریوں میں زمین کی تقسیم اور سیلاب سے محفوظ مکانات کو خواتین کے نام پر منتقل کرنے جیسے اقدامات اسی تسلسل کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ عوام کو پہلے ہی بی آر ٹی، پیپلز بس سروس اور پنک بس جیسی سہولتیں فراہم کر رہا ہے اور اب پنک اسکوٹی کی شمولیت سے یہ نظام مزید بہتر ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک پنک اسکوٹی کی تقسیم نہیں بلکہ خواتین کی خودمختاری کی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنک اسکوٹی سروس کے بعد اب جلد پنک ٹیکسی سروس بھی شروع کی جائے گی، یہ منصوبے بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کا خواب تھے، جو آج حقیقت میں بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی پنک اسکوٹی نظر آئے گی، وہاں یہ پیغام ملے گا کہ ایک بہادر عورت اس پر سوار ہے۔
تقریب میں اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ، صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، مکیش کمار چاولہ، سردار محمد بخش مہر، سید ذوالفقار شاہ، سردار شاہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، محمد علی ملکانی، ایم پی اے گیانچند ایسرانی، سینیٹر وقار مہدی، ایم این اے مرزا اختیار بیگ، ایم این اے ناز بلوچ، ایم این اے شرمیلا فاروقی، ایم این اے نبیل گبول، سینیٹر وقار مہدی، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھہڑو، پیپلز پارٹی رہنما نیر بخاری، عاجز دھامراہ، راول شرجیل میمن، روس، متحدہ عرب امارات، جاپان، انڈونیشیا اور دیگر ملکوں کے سفارتکار، حکومت سندھ کے ترجمان سمعتا افضال سید، سعدیہ جاوید، مصطفٰی بلوچ، واحد ہالیپوتہ، ہیر سوہو، سکھدیو آسرداس ہمنانی، بلند خان جونیجو، ارسلان اسلام شیخ، منصور شاہانی، نادر نبیل گبول، تحسین عابدی، عقربہ فاطمہ، کاروباری شخصیات آصف چھایہ، جاوید بلوانی، زبیر موتی والا اور میڈیا ہائوسز کے مالکان، اداکار ہمایوں سعید، فیصل قریشی، ژالے سرحدی، منشا پاشا، اشنا شاہ، ڈاکٹر شائستہ واحدی، نادیہ حسین، ہما امیر شاہ، عبداللہ سلطان، ہدایتکار شرمین عبید چنائے اور دیگر بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں دو سئو ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات میں مفت پنک۔اسکوٹیز تقسیم کی گئیں۔