فروری 14, 2025

صدر زرداری نے کالج کی ترقی اور جدت کےلیے کئی منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کردی

کیڈٹ کالج پیٹارو میرا مادر علمی ہے، میں اسے واپس کچھ دینا چاہتا ہوں، صدر زرداری

کالج کےلیے 200 ملین روپے گرانٹ کی منظوری دی ، سولر پلانٹ کی تنصیب جاری ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی صدر کو بریفنگ

کراچی صدر آصف علی زرداری نے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیڈٹ کالج پیٹارو کی ترقی اور جدت کی منظوری دیتے ہوئے ادارے کو تعلیم اور کردار سازی کے حوالے سے پاکستان کا ایک اہم ادارہ برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین بورڈ آف گونرز کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی، صدر کے سیکریٹری شکیل ملک، ممبران بورڈ آف گورنرز کموڈور فیصل اقبال، سیکریٹری مالیات فیاض جتوئی، سیکریٹری کالجز آصف اکرام اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز صدر آصف زرداری کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پیٹارو میرا مادرِ علمی ہے اور میرے دل میں اس کے لیے خاص مقام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہاں تعلیم حاصل کرنے پر فخر ہے اور وہ اس ادارے کو واپس کچھ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو پاکستان خصوصاً سندھ کا ایک اہم ادارہ ہے۔ یہ ادارہ سیاست، مسلح افواج، سول بیوروکریسی، عدلیہ اور دیگر شعبوں کےلیے نمایاں قیادت فراہم کر چکا ہے۔
صدر نے نوجوانوں کی ہمہ جہت تربیت میں کالج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ کالج پیٹارو اپنے قیام کے 66 سال سے اب تک اپنی میراث برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہاں کے طلبہ جہاں بھی جاتے ہیں ان کی کامیابیوں اور شخصیت میں کالج کی تربیت جھلکتی ہے۔
صدر مملکت کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کالج کا رقبہ 785 ایکڑ ہے اور یہاں 846 طلبہ زیرتعلیم ہیں جبکہ کیمپس میں 2 سوئمنگ پول بھی موجود ہیں، صدر زرداری نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو دو مزید سوئمنگ پول بنانے اور پانچ سالہ منصوبے کے تحت تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
صدر زرداری نے قومی ترقی میں کالج کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پیٹارو حیدرآباد بورڈ، فیڈرل بورڈ سمیت تمام بورڈز اور کیمبرج انٹرنیشنل سسٹم میں 100 فیصد کامیابی کی شرح برقرار رکھے ہوئے ہے۔
صدر مملکت کو بتایا گیا کہ کیڈٹ کالج پٹارو کے کیڈٹس نے نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں جیسے کیڈٹ معظم نے حیدرآباد بورڈ کے امتحان میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ وفاقی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں کالج کی کامیابی کی شرح سندھ میں سب سے زیادہ 5.86 ہے۔
عالمی سطح پر کیڈٹ کالج پیٹارو کے طلبہ چینی زبان اور ثقافتی پروگراموں میں ببھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مزید عالمی مواقع کے لیے ایک جرمن لینگویج لیب قائم کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔

انفراسٹرکچر کی بہتری

صدر نے کالج کے انفراسٹرکچر کی بہتری کی منظوری دی اور وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ یہ منصوبے چار سال کے اندر مکمل کیے جائیں، ان منصوبوں میں آئی سی ٹی لیبز کی اپ گریڈیشن، جونیئر کلاسز میں اسمارٹ ڈجیٹل اسکرینز کی تنصیب، اقبال اور قاسم ہاؤس کی تعمیرِ نو اور دیگر کیڈٹ ہاؤسز کی تزئین و آرائش شامل ہیں۔
صدر نے اہم سہولیات جیسے کہ کیڈٹس میس کے لیے چِلر سسٹم کی تنصیب اور دریائے سندھ سے نئی پانی کی پائپ لائن لگانے کی بھی ہدایت کی۔ گھڑ سواری کی سرگرمیوں میں دلچسپی کے پیش نظر رائیڈنگ کلب میں مزید گھوڑے شامل کیے جائیں گے۔

پائیداری اور ملازمین کی فلاح و بہبود

صدر آصف علی زرداری نے کالج کی طویل مدتی ترقی کے لیے بڑے اقدامات کی منظوری دی، جن میں ہاؤسنگ اسکیم اور ملازمین کے لیے ہیلتھ انشورنس شامل ہیں۔ انڈوومنٹ فنڈ کو 406 ملین روپے سے بڑھا کر 1 ارب روپے کیا جائے گا۔ عملے اور مقامی کمیونٹی کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کےلیے آصف علی زرداری ماڈل ہائی اسکول پٹارو کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

نئے ترقیاتی منصوبے

صدر نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ تدریسی اور انتظامی عملے کے لیے52 نئے گھروں کی تعمیر کا آغاز کریں ۔ اکیڈمک بلاک کی توسیع، ایک نیا میس، اور والدین کے لیے کالج کے دورے کے دوران بیٹھنے کے لیے جگہ بھی تجویز کی گئی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے صدر کو بتایا کہ انہوں نے ملازمین کی پنشن بقایا جات کی ادائیگی کے لیے کیڈٹ کالج کو 200 ملین روپے گرانٹ دینے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ توانائی کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے 1.5 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کی تنصیب کا کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ کیڈٹ کالج پیٹارو کو سندھ ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ میں شامل کرنے کا عمل بھی جاری ہے تاکہ کیڈٹس کے لیے مالی امداد کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
صدر زرداری نے مستقبل کے رہنما تیار کرنے کےلیے کیڈٹ کالج پیٹارو کی انتظامیہ اور اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیراعلیٰ کو ہدایت دی کہ کالج کے تدریسی عملے کے لیے خصوصی تنخواہ پیکیج کا اعلان کریں۔ انہوں نے کالج کو پاکستان کے لیے فخر اور ایک شاندار ادارہ قرار دیاتے ہوئے اس کی ترقی کےلیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس اس امید کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ کیڈٹ کالج پیٹارو تبدیلی کا سفر جاری رکھے گا، یہ اقدامات اس کی بہترین کیڈٹ کالج کے طور پر ساکھ کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوں گے اور کیڈٹس کو تعلیم، نظم و ضبط اور جدید دنیا کے چلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتا رہےگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے