
میرپورخاص دریائے سندھ پر چھ نئے کینالوں کے خلاف میرپورخاص میں آبادگاروں کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس میں مختلف سیاسی وسماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ریلی میں عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار، ڈاکٹر دلدار لغاری اور ایاز کھوسو کی قیادت میں عوامی تحریک کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار نے کہا کہ چھ نئے کینال نکال کر سندھ کو بنجر بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ چھ نئے کینالوں کے منصوبے ملک کے خلاف سازش ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ایوان صدر سے چھے کینالوں کی منظوری دے کر سندھ دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ایوان صدر کو سندھ کے خلاف سازشوں کا مرکز بنا رکھا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف دریائے سندھ کا پانی چوری کیا جا رہے ہے تو دوسری طرف سندھ کی زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں۔ کارپوریٹ فارمنگ اور گرین پاکستان منصوبوں کے تحت سندھیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے، SIF کا ادارہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ جنرل یحییٰ، جنرل ایوب، جنرل ضیاء، جنرل مشرف کے منہ قوموں کے خون سے لبریز ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت سندھ دشمنی کے تمام منصوبوں میں وفاقی حکومت کی کرائم پارٹنر بن چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کی زمینیں غیر ملکی کمپنیوں کے بجائے مقامی بے زمین کسانوں کو دی جائیں۔ تمام ڈکیت کینالوں کے ساتھ چھ نئے کینالوں کو ختم کہا جائے اور سندھ کو اس کے حصے کا پانی دیا جائے۔ انہوں نے 22 دسمبر 2024 کو سکھر میں عوامی تحریک اور سندھیانی تحریک کے اعلان کردہ ریلی میں شرکت کی اپیل کی۔ ریلی سے یاسر کچھیلو، احسان جروار، رائچند اور دیگر نے خطاب کیا۔