مارچ 12, 2025

کراچی

سندھ کابینہ نے ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر انتظام ’ڈاؤ سائنس فاؤنڈیشن‘ قائم کرنے، میہڑ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ زیبسٹ کے حوالے کرنے، ڈبل ڈیکر بسیں خریدنے ، مزید الیکٹرک بسز خریدنے، اینٹی نارکوٹکس کے رکارڈ کو آٹومیٹڈ کرنے، خواتین کو مفت پنک اسکوٹرز دینے، کراچی واٹر اینڈ سیوریج منصوبے کے لئے دھابیجی تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے ، ڈبل کیبن گاڑیوں کی رجسٹریشن ایک ہی کیٹیگری میں کرنے اور کے فور منصوبہ کے لیئے کلری بگھار فیڈر اور کینجھر جھیل کی توسیع کا منصوبہ کی لاگت پر نظرثانی کر کے منظوری دے دی ہے۔
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر انتظام ’ڈاؤ سائنس فاؤنڈیشن‘ قائم کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت اب ڈاؤ سائنس فاؤنڈیشن کمپنی سانپ اور پاگل کتوں کے کاٹنے کی ویکسینز ، ادویات اور دیگر چیزیں بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں میہڑ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ زیبسٹ کے تحت چلانے کی منظوری دے دی ہے، جس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار اور ہنر سیکھنے کے لئے مواقع میسر آئیں گے، سندھ کابینہ نے سندھ کے لوگوں کے لئے مزید بسیں خرید کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈبل ڈیکر بسیں خرید کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں کے فور منصوبہ کے لیئے کلری بگھار فیڈر اور کینجھر جھیل کی توسیع کا منصوبہ کی لاگت پر نظرثانی کر کے منظوری دی گئی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے اینٹی نارکوٹکس کے رکارڈ کو آٹومیٹڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈبل کیبن گاڑیاں ٹیکس سے بچنے کے لئے لوگ کمرشل بنیادوں پر رجسٹرڈ کرواتے تھے اور ذاتی استعمال میں رکھتے تھے، کابینہ نے یہ والا نظام ختم کر دیا، آئندہ جو بھی گاڑیاں رجسٹرڈ ہونگی وہ ایک ہی کیٹیگری کے تحت رجسٹرڈ ہونگی، کوئی بھی ٹیکس چوری نہیں کر سکے گا، سندھ کابینہ نے پریمئم نمبر پلیٹس کا اوپن آکشن سے ملنے والی رقم سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے لیئے دینے کی منظوری دی گئی، حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ پریمئم نمبر پلیٹس سے حاصل ہونے والے رقم سندھ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کو دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےپاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پریمئم نمبر پلیٹس کےاجراع کا سلسلہ شروع کیا تھا ،ہم نے دس کروڑ کی بھی ایک نمبر پلیٹ فروخت کی ہے، اس سے جو بھی پیسے جمع ہوئے ہیں، سندھ کابینہ نے منظوری دے دی ہے کہ وہ پیسے پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کو دیئے جائیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ کا مزید الیکٹرک بسز خرید کرنے بھی منظوری دی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف حلف برداری کا بعد پہلی مرتبہ جب کراچی آئے تھے تو انہوں نے ایک اجلاس میں سندھ کو 180 بسز دینے کا وعدہ کیا تھا، سندھ حکومت نے بھی کہا تھا کہ جتنی بسز وفاقی حکومت دے گی اتنی بسز ہم بھی خریدیں گے، ہم نے وزیر اعظم شہباز شریف سے 360 بسز کا مطالبہ کیا تھا ، وزیر اعظم نے 180 بسز دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن 2024-2025 کے بجٹ میں ایک بھی بس حکومت سندھ کو نہیں دی گئی، ہم نے وزیر اعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، پورا سال گزر گیا لیکن وہ بسز نہیں آئیں، ہم دوبارہ وزیر اعظم سے گزارش کریں گے ا نہوں نے کراچی میں جو وعدہ سندھ کے عوام سے کیا تھا، وہ وفا کریں اور ہمیں بسز فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی میں پانی کے منصوبوں پر 1.6 بلین ڈالر خرچ کر رہی ہے، یہ کراچی کے عوام کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے ایک بہت بڑا قدم ہے، عالمی بینک کے تعاون سے محکمہ توانائی دو لاکھ گھروں کو سولر سسٹم فراہم کر رہا ہے، آج کابینہ اجلاس میں منظوری دی گئی کہ ڈھائی لاکھ مزید گھروں کو سولر سسٹم فراہم کی جائیں گے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ خواتین کو مفت میں پنک اسکوٹرز دینے جارہا ہے، جن خواتین کے پاس ٹو ویلرز لائسنس ہوگا ان کو پنک اسکوٹرز ملیں گے، چند ہفتوں کے اندر اسکوٹرز اوپن بیلیٹنگ کے ذریعے دیئے جائیں گے اور ہر مہینے میڈیا کے سامنے شفاف بیلٹنگ ہوگی، طالب علم، کاروبار اور نوکری پیشہ خواتین کو یہ اسکوٹرز فراہم کئے جائیں گے، محکمہ ٹرانسپورٹ خواتین کو بائیک چلانا بھی سکھائے گا، محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے لیڈی انسٹرکٹر مقرر کی جائیں گی جو خواتین کو بائیک چلانا سکھائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے اس طرح کے اقدام سے خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی، پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں خواتین کو بااختیار بنایا ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پہلی وویمن بینک اور ویمن پولیس اسٹیشن بنایا، صدر آصف علی زرداری نے بی آئی ایس پی کا منصوبہ شروع کیا، پیپلز ہائوسنگ اسکیم کے تحت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کو گھروں کامالکانہ حقوق فراہم کئے، صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کے نوابشاہ اور لاڑکانہ میں ویمن کیڈٹ کالیج ز بنائے، اب ہم پنک ٹیکسی بھی شروع کرنے جارہے ہیں، پندرہ بیس سال پہلے خواتین ووٹ تک کاسٹ نہیں کرسکتی تھی، پیپلز پارٹی نے ان کو حقوق دلوانےکےلئے جدوجہد کی۔ خواتین کو بااختیار بنانا شہید بی بی کی سوچ تھی اور یہ آج صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویژن ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری توجہ عوام کو ریلیف دینے میں ہے، جتنے بھی اہم شعبے ہیں ان میں حکومت سندھ کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جن لوگوں کو جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب یدنے میں فاروق ستار اور ان کی پارٹی کا ہاتھ تھا، اب وہ سارے جیل میں پڑے ہیں، فاروق ستار اب ان کو چھڑوائیں۔ فاروق ستار اگر سمجتے ہیں کہ لوگ ان کو پسند کرتے ہیں کہ تو آج مستعفی ہوں کل انتخابات لڑیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ وہ چاہتے ہیں کہ نفرتوں کی بات کریں، لوگوں نے ان کو ہر طرح سے پرکھ لیا ہے۔ فاروق ستار کو جو بولنا ہے بولنے دیں، ان کی جماعت کی کوئی سیاسی ساکھ نہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی میں چیلنجز ہیں، سب سے بڑے چیلنجز یوٹیلٹیز کی منتقلی ہے، یوٹیلٹیز کی وجہ سے شہری علاقوں میں کام کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ بہت اچھے وکیل ہیں لیکن وہ 2018 کے انتخابات اور ان ان انتخابات کی پیداوار عمران خان کو کیوں بھول گئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کسی بھی صوبہ کے وزیر اعلیٰ کوئی اچھا کام کرتا ہے تو ہمیں خوشی ہوتی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے اشتہار میں 90 فیصد چیزیں مستقبل کے پروگرامز پر مبنی تھیں۔
ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حکومت سندھ کو خط لکھا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کیساتھ جو ڈیل کی ہے، ہمیں ذمہ دار حکومت کے طور پر اس کی پاسداری کرنی ہے، کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے حکومت سندھ کڑوا گھونٹ پی رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کسانوں کو نقصان بھی نہ ہو اور عوام کو سستی گندم مل سکے، ہمیں کہا گیا کہ گندم کی امدادی قیمت نہ بڑھائیں اور دوسری طرف ہمیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آپ کے پاس اتنی مقدار میں گندم موجود ہونی چاہئے، گوداموں میں موجود گندم کے لئے حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں، لیکن کسانوں کےلئے وزیر اعلیٰ سندھ اور حکومت سندھ بہت زیادہ پریشان ہے، اس سال گندم کی پیداوار میں 20 فیصد کمی کے خدشات ہیں، آئی ایم ایف کی وجہ سے ہمارے ہاتھ ہاؤں بندھے ہوئے ہیں، لیکن حکومت سندھ اپنے کسانوں کے لئے بہتر حل تلاش کر رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مصطفیٰ قتل کیس جیسے واقعات کی دُہائی میں گذشتہ ایک سال سے دے رہا ہوں، منشیات کی صورتحال نہایت خطرناک ہے، میں والدین سے گزارش کروں گا کہ وہ اپنے بچوں کو دیکھیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں، افسوسناک بات ہے کہ ایک اداکار کے بیٹے منشیات کے کیس میں گرفتار ہوئے ،
حیدرآباد میں آکاش انصاری قتل ہوئے، قتل کا ملزم ان کا بیٹا نکلا، جو اولاد اپنے والدین کو اس طرح سے مار سکتی اور جلا سکتی ہے، سماج میں وہ اولاد کیا کچھ نہیں کر سکتی۔ بچوں میں منشیات کے استعمال پر اگر والدین چپ کر کے بیٹھے ہیں یا پھر لاعلم ہے تو یہ بھی مجرمانہ غفلت ہے، انسداد منشیات کے سلسلے میں اگر متعلقہ ادارے کچھ نہیں کر رہے تو یہ بھی مجرمناہ غفلت ہے، نوکریاں، سیاست، سب کچھ ہوتا رہے گا لیکن سب سے پہلے منشیات کو روکنا ہوگا ، ہمارے معاشرے میں منشیات کی وجہ سے خودکش بمبار اور زومبیز پیدا ہورہے ہیں جو کسی بھی وقت کہیں پر بھی کسی کو بھی مار سکتے ہیں، والدین اپنے بچوں کو منشیات سے دور رکھیں یہ نہیں ہو سکتا کہ والدین کو بچوں کے رویوں میں تبدیلی کا پتہ نہ چلے۔ پورے معاشرے کو اس لعنت کے خلاف ایک ہونا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے