اکتوبر 14, 2025

محکمہ صحت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے طبی امدادی کیمپ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بلاتعطل جاری ہیں

دادو: محکمہ صحت دادو، پی پی ایچ آئی، ریسکیو 1122 کی جانب سے سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائے سندھ کے کچے اور سیلاب متاثرہ دیہات میں مکینوں کو موسمی اثرات اور سیلاب سے جنم لینے والی بیماریوں کی روک تھام اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے طبی امدادی کیمپ قائم ہیں۔

دادو کے ایل ایس بچاؤ بند امینانی اور میہڑ کے حفاظتی بند پر بھی خصوصی طبی امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں مقامی مکینوں کو ہنگامی طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کیمپس جے ذریعے سیکڑوں سیلاب متاثرین علاج، ضروری طبی معائنہ، ٹیسٹ اور مفت معیاری ادویات حاصل کررہے ہیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر دادو سید امداد علی شاہ نے محکمہ اطلاعات سندھ کے انفارمیشن آفیسر دادو ذیشان علی لغاری کو بتایا کہ سیلابی صورتحال پیدا ہوتے ہی ڈپٹی کمشنر دادو کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں طبی امداد کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں طبی عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہنگامی ڈیوٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ متاثرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈی ایچ او کے مطابق، دادو اور میہڑ میں طبی امدادی کیمپوں میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید برآں، محکمہ صحت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی قسم کی بیماری یا طبی مسئلے کی صورت میں فوری طور پر قریبی طبی امدادی کیمپ سے رجوع کریں تاکہ بروقت علاج اور معاونت ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے