کراچی حب ریور روڈ سے طوری بنگش اور،،، اورنگی ٹاؤن جانے والی اہم شاہراہ پر تعمیراتی کام کے دوران سڑک کے درمیان نالے کی کھدائی سے ٹریفک کی روانی متاثر اور اڑتی دھول مٹی سے مقامی تاجر پریشان ہیں۔ کام شروع ہوئے دو ماہ ہوگئے لیکن مقررہ ٹائم چار ماہ میں اس کے مکمل ہونے کے آثار نظر نہیں آتے۔ دیکھتے ہیں رپورٹ ۔
کراچی میں یہ اہم شاہراہ حب ریور روڈ کو اورنگی ٹاؤن سے ملاتی ہے۔ اس کی تعمیرِ نو کا افتتاح میئر کراچی نے کیا تھا۔ 3.8 کلومیٹر طویل یہ سڑک ضلع غربی اور کیماڑی کو ملانے والا ایک اہم لنک ہے، لیکن کام کی سست رفتاری سے علاقہ مکین پریشان ہیں۔
حب ریور روڈ سے داؤد گوٹھ تک سڑک کی تعمیر کا عمل جاری ہے، لیکن داؤد گوٹھ سے طوری بنگش تک کی پٹی تباہ حالی کا منظر پیش کر رہی ہے۔ سڑک کے درمیان نالے کے لیے کی گئی کھدائی نے راستے کو تنگ کر دیا ہے، جس سے ٹریفک جام اور حادثات معمول بن چکے ہیں۔ مقامی تاجر گرد و غبار سے پریشان ہیں۔
علاقہ مکین کہتے ہیں سڑک بننے کی خوشی تو ہے لیکن جس رفتار سے کام ہو رہا ہے، ہمیں لگتا ہے پورا سال اسی عذاب میں گزر جائے گا۔
ترجمان کے ایم سی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مجموعی تخمینہ اسی کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔ کام کا آغاز دو ماہ قبل کیا گیا تھا۔ چار ماہ میں سڑک کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔
حب ریور روڈ سے طوری بنگش جانے والی اس سڑک پر کام کی رفتار سست ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکین کہتے ہیں کام کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔
