
کراچی میں معصوم بچوں کی اموات کے دل دہلا دینے والے تین افسوسناک واقعات، جہاں غفلت، لاپروائی اور بدانتظامی کے نتیجے میں تین مختلف علاقوں میں تین بچے جان کی بازی ہار گئے، جب کہ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پہلا واقعہ بنارس میں پیش آیا، جہاں پانچ سالہ اذلان واٹر ٹینکر کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔۔۔بچہ اپنے والدین کے ساتھ موٹر سائیکل پر قصبہ کالونی جا رہا تھا کہ ملنگ ہوٹل کے قریب ایک رکشے نے بائیک کو ٹکر مار دی۔۔۔اذلان سڑک پر گرا تو پیچھے سے آتے واٹر ٹینکر نے اسے روند ڈالا۔۔۔ریسکیو ذرائع کے مطابق، بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس کےمطابق ڈرائیور کو گرفتار کرکے واٹر ٹینکر تحویل میں لےلیا گیا۔۔۔دوسرا واقعہ ناردرن بائی پاس کے قریب عباس گوٹھ میں پیش آیا، جہاں دس سالہ بچی اسماء اورآٹھ سالہ بچہ ارشد جوہڑ میں گر گئے۔۔۔ریسکیو ٹیم نے بچی کی لاش نکال لی، جب کہ ارشد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔۔۔ منگھوپیر کے علاقے حاجی ملک گوٹھ میں پانچ سالہ ایان فائرنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔۔۔پولیس کے مطابق، فائر سرکاری ہائیڈرنٹ کے سیکورٹی گارڈ شہزور کی جانب سے کیا گیا، جس نے بیان دیا کہ اس نے فائرنگ کی آواز سن کر ایک گولی چلائی۔۔۔یہ گولی ایان کو لگی، جو گلی میں کھیل رہا تھا۔۔۔ایان کے چچا کے مطابق، گولی سینے کے آر پار ہوئی اور ایان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔۔۔پولیس نے ملزم گارڈ کو گرفتار کر کے رائفل برآمد کر لی ہے۔