فروری 5, 2025

”ایس ایم آئی یو اسٹوڈنٹس گالا-2024 کا دوسرا اور آخری دن
سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں قائداعظم اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کی تقریبات کا انعقاد
کراچی:

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے منگل کو 2 روزہ ”ایس ایم آئی یو اسٹوڈنٹس گالا-2024“ کے دوران قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے سلسلے میں ان کی لیگیسی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شاندار تقریبات کا اہتمام کیا۔
سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں کیک کاٹنے کی منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے ڈینز ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ اور ڈاکٹر جمشید عادل ہالیپوٹو، وائس چانسلر کے ایڈوائزر ڈاکٹر عبدالحفیظ خان، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز محمد نعیم احمد، چیئرپرسنز اور مختلف تعلیمی اور انتظامی حصوں کے سربراہان کے ہمراہ قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کا کیک کاٹا۔
اس موقع پر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، جدوجہد اور کارناموں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کے علاوہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے طلباء، فیکلٹی اور اسٹاف ممبران اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ قائداعظم محمد علی جناح کی اپنی مادر علمی سندھ مدرستہ الاسلام سے زبردست وابستگی تھی۔ سندھ مدرستہ الاسلام ان کے لئے کتنی اہم تھی اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنی بقایا جائداد کا ایک تہائی حصہ سندھ مدرستہ الاسلام کو دیا تھا۔ اس لیے ہمیں اپنی قوم اور ملک کی ترقی کیلئے زیادہ ذمہ دار ہونا چاہیے۔
وائس چانسلر نے ایس ایم آئی یو کے طلباء پر زور دیا کہ انہیں قائداعظم محمد علی جناح کے تصور اور نظریے پر عمل کرنا چاہیے جوکہ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے کام کرنا ہے۔
اس موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور اقدار پر طلبا کے درمیاں مقابلہ تقاریر بھی منعقد ہوا جس میں سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈپارٹمینیٹ کی سارہ سید، شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے صمد چانڈیو اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ایم سفیان نے قائد اعظم محمد علی جںاح کے وژن اور اقدار کو اجاگر کرنے والی فکر انگیز تقاریر کیں۔
قومی نغمات کا مقابلہ بھی اس تقریب کا ایک حصہ تھا جس میں مختلف شعبہ جات کے طلباء نے حب الوطنی پر مبنی ملی نغمے پیش کئے۔ ان کی پرجوش پرفارمنس سے سامعین میں فخر اور اتحاد کا مضبوط احساس پیدا ہوا۔
یہ تقریبات قائداعظم محمد علی جناح کے خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے وژن کی ایک متحرک یاد دہانی کے طور منعقد کی گئیں-
ایس ایم آئی یو اسٹوڈنٹس گالا 2024 کے دوسرے اور آخری دن، ایس ایم آئی یو کی طلبہ کی سوسائٹیز بشمول آرٹ سوسائٹی، میوزک سوسائٹی، کمیونٹی سروس سوسائٹی، لٹریری سوسائٹی اور آرٹ سوسائٹی نے مختلف سیشنز کا انعقاد کیا جیسے منشیات کے استعمال کے خطرات، ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا کے چیلنجز، داستان گوئی اور مزاہیہ مشاعرہ اور اوپن مائک اور بیٹ اینڈ بز میوزیکل کنسرٹ شامل تھے۔ طلباء کی کثیر تعداد نے ان تقریبات میں شرکت کرکے ان کو کامیاب بنایا۔
ایس ایم آئی یو اسٹوڈنٹس گالا کا اختتام اس نوٹ پر ہوا کہ ”ہم مل کر چمک سکتے ہیں۔“

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے