کراچی صوبائی وزیر سید ناصر شاہ نے ایران پر حالیہ حملوں اور سپریم کمانڈر آیت اللہ سید علی خامنائی سمیت دیگر شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعات نہایت افسوسناک اور تکلیف دہ ہیں اور ہم سوگواران کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
سید ناصر شاہ نے کہا کہ جذبات سب کے ہیں اور ہم سب کے جذبات کی قدر کرتے ہیں، تاہم عوام، مذہبی جماعتوں اور بھائی بہنوں سے اپیل ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر احتجاج کو شدت میں بدلا گیا یا قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو یہ دشمن کے منصوبوں کو فائدہ پہنچائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ہر سطح پر ایران کی حمایت کی ہے، اقوام متحدہ اور دیگر سفارتی محاذوں پر بھی، تاکہ جنگ کو روکا جا سکے اور ان حملوں کی سختی سے مذمت کی گئی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بھی ہمیں صبر اور تدبر کا مظاہرہ کرنا ہے۔ اس وقت قومی اتحاد اور استحکام ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے اور ہم سب نے مل کر اپنے ملک کے لیے سوچنا ہے اور ملک کو مضبوط بنانا ہے۔
