فروری 5, 2025

اوگرا دو ہفتوں میں اوگرا قوانین میں ترامیم سے متعلق رائے اور ایل پی جی کی فروخت سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات کے اعداد و شمار فراہم کرے، محمد سہیل راجپوت

کمشنر کراچی تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی بنائیں اور ٹی او آرز تیار کریں، صوبائی محتسب سندھ کی ایل پی جی سیلنڈرز از خود نوٹس کیس کی سماعت میں ہدایت

4 صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت کے زیر صدارت ایل پی جی سیلنڈرز سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت منعقد ہوئی۔ سماعت میں میں سیکریٹری صوبائی محتسب منصور عباس رضوی، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی جاوید عالم اوڈھو، میونسپل کمشنر کراچی ایس ایم افضل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا جی ایم شاہین، سینئر ٹیکنیکل انسٹرکٹر سول ڈیفنس کراچی مرزا مرسلین بیگ، ڈپٹی کنوینر ایف پی پی سی سی آئی فرحان ایاز، رجسٹرار مسعود عشرت و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایل پی جی سیلنڈرز کی آزادنہ نقل و حرکت اور غیر قانونی فروخت سے متعلق پچھلے اجلاس کے فیصلوں سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ کمشنر کراچی نے صوبائی محتسب سندھ کو ایل پی جی کی غیر قانونی و غیر معیاری فروخت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایل پی جی گیس کی غیرقانونی و غیرمعیاری فروخت پر شہر میں 300 سے زائد دکانیں سیل کی ہیں جبکہ شہر میں 6 ہزار سے زائد مزید دکانوں پر ایل پی جی گیس فروخت ہورہی ہے جو اوگرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو مزید بااختیار کرنے کے لیے اوگرا کو اپنے قوانین میں ترامیم کرنی ہوں گی۔ کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ایل پی جی گیس کی غیر معیاری و غیرقانونی فروخت سے متعلق اوگرا قوانین میں ترامیم نہ صرف شہری انتظامیہ بلکہ پولیس ایکشن کی سمت بھی متعین کرے گی۔ ڈپٹی کنوینئر ایف پی پی سی سی آئی فرحان ایاز نے کہا کہ ایل پی جی گیس کی فروخت ایک الگ پہلو ہے تاہم غیر معیاری ایل پی جی سیلنڈرز و باؤزرز انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں، پہلے گیس سیلنڈرز اسٹیل کے بنے ہوتے تھے جو اب نہیں اور اس وقت سیلنڈرز کی تمام مینوفیکچرنگ پنجاب میں ہورہی ہے۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ گیس سیلنڈرز کی غیر معیاری مینوفیکچرنگ و غیر قانونی فروخت انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، سانحہ حیدرآباد، ملتان اور ڈی جی خان میں ہونے والے افسوسناک واقعات ہمارے سامنے ہیں لہذا اوگرا دو ہفتوں میں اوگرا قوانین میں ترامیم سے متعلق رائے اور ایل پی جی کی فروخت سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات کے اعداد و شمار فراہم کرے۔ محمد سہیل راجپوت نے کمشنر کراچی کو تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے اور ٹی او آرز تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ عوام پائپ گیس کی عدم فراہمی کے باعث ایل پی جی سیلنڈرز استعمال کرنے پر مجبور ہیں، ایسے میں گیس کی ترسیل اور مانگ سمیت انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے