ہوشیار،خبردار۔ سندھ میں اب نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹس نہیں چلیں گی۔ کریک ڈاون کے احکامات جاری۔ ٹیکس ادائیگی کے بعد شہری گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر بھی گھر بیٹھے کراسکیں گے۔ یکم جنوری سے گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن اور ٹرانسفرشروع ہو جائے گی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیرصدارت محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کا اجلاس ہوا۔ ٹیکسیشن کے بعد شہریوں کو گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی سہولت بھی گھر بیٹھے دینے کا فیصلہ ہوا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا شہری یکم جنوری سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر آن لائن کراسکیں گے۔ نقد ڈیلنگ ختم ہونے سے عوام کی سہولت اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا چیکنگ کر کے نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی اور نمبر پلیٹس کی چیکنگ کے لئےمزید اقدامات کئے جائیں۔ ا لگ بھگ چار ماہ میں محکمہ ایکسائز کا ٹیکس ہدف کا چونتیس فیصد وصول کرنا خو ش آئند ہے۔ سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے فنڈ ریزنگ کے لئے پریمیم اور پرسنل نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی کو مزید تیز کرنے کے لئے مہم چلانے کی ہدایت کی۔