
کراچی میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی ارکان نے مصطفی ٰعامر قتل کیس کی تفتیش میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہی حاصل کی۔۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہوا۔ کمیٹی کی سربراہی چیئرمین و رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کی ۔ آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف ،ڈی جی اے این ایف، ڈائریکٹر ایف آئی اے،سیکریٹری ایکسائز سندھ اور دیگر افراد موجود تھے۔ کمیٹی کو مصطفی عامر قتل کیس کی تحقیقات سمیت،منی لانڈرنگ، منشیات مافیا اور دیگر جرائم سے متعلق حاصل ضروری تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔آئندہ اجلاس میں اداروں سے سوالات و جوابات اور ضروری تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ٹھوس شواہد و جامع حکمت عملی اور لائحہ عمل پر مشتمل مسودہ پیش کرنے کا حکم دیا ۔
6 جنوری کو ڈیفنس کے علاقے سے مصطفیٰ عامر لاپتہ ہواتھا۔7جنوری کو گمشدگی کامقدمہ درج ہوا۔ 25جنوری کووالدہ کواغواء برائے تاوان کی کال موصول ہوئی۔8 اور 9 فروری کی درمیانی شب پولیس نے ڈیفنس میں ارمغان کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا۔14فروری کو پولیس نے کیس کے شریک ملزم شیراز کی گرفتار ی کا اعلان کیا تھا۔ مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل جبکہ ملزم شیراز عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے۔