چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ کہا کہ 2026 مفاہمت، استحکام اور قومی اعتماد کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 2025 آزمائشوں کا سال تھا لیکن قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے مئی میں پاک افواج کی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا، جس نے دشمن کو عبرتناک شکست دی اور قومی خودمختاری کا تحفظ کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سیاسی استحکام ہی معاشی بحالی، ترقی اور عوامی فلاح کی بنیاد ہے۔ قومیں اسی وقت آگے بڑھتی ہیں جب اختلافات کو جمہوری اداروں کے ذریعے حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور سماجی انصاف کے حوالے سے پیپلز پارٹی عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلاول بھٹو نے یقین ظاہر کیا کہ نیا سال پاکستان کے لیے پُرامن، خوشحال اور ترقی کا ہوگا۔
